’بھکاری نہیں جو گانوں کے لیے ہدایتکاروں سے بھیک مانگوں‘
ممبئی،فروری۔بھارتی گلوکار سونونگم نے بالی وڈ انڈسٹری سے دوری کی وجہ بیان کی ہے۔میڈیا کے مطابق بالی وڈ کے پلے بیک سنگرز میں شامل سونو نگم نے میڈیا کو بتایا ہے کہ وہ میوزک ڈائریکٹر کے کام کرنے کے طریقوں سے متفق نہیں ہیں اور ایسے پراجیکٹس کو ترجیح نہیں دیتے جہاں انہیں آڈیشن کے لیے بلوایا جائے۔سونو نگم کا کہنا تھا کہ وہ ایسے پراجیکٹس کا حصہ نہیں بنتے جہاں ایک ہی گانے کو کئی گلوکار ریکارڈ کرواتے ہیں اور انتخاب، پروڈیوسر ، اسٹار اور میوزک ڈائریکٹر پر چھوڑدیا جاتاہے۔خیال رہے کہ سونو نگم کافی عرصے تک بالی ووڈ کی فلمی دنیا سے دور رہے، اس دوران انہوں نے ایک بھی گانا ریکارڈ نہیں کروایا تاہم اب ان کی دوبارہ واپسی بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان اور کرینہ کپور کی آئندہ آنے والی فلم لال سنگھ چڈھا میں ہوئی ہے جس کے لیے انہوں نیگانا گایا ہے۔سونو نگم نے فلم لال سنگھ چڈھا کے لیے ایک گانا ریکارڈ کرنے پر راضی ہونے کی واحد وجہ پر بھی بات کی اور بتایا کہ میوزک ڈائریکٹر پریتم نے انہیں یقین دلایا تھا کہ وہ گانا ریکارڈ کرنے والے واحد شخص ہوں گے۔گلوکار کا کہنا تھا کہ وہ خود کو غیر محفوظ (insecure)نہیں سمجھتے اور کام کے لیے ڈائریکٹر اور میوزک ڈائریکٹر کے پیچھے نہ بھاگنے کے فیصلے سے زیادہ خوش ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے مداحوں کو کام کے لیے بھیک نہ مانگنے پر کیے جانے کے فیصلے پر ان پر فخر ہوناچاہیے۔