فردین خان میں علامات نہیں پھر بھی کورونا ٹیسٹ مثبت
ممبئی،جنوری۔بھارتی اداکار فردین خان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ علامات نہ ہونے کے باوجود مثبت آگیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز فردین خان نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی اور ساتھ ہی انکشاف کیا کہ ’اْن میں وائرس کی کوئی علامت نہیں ہے‘۔مداحوں نے فردین خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر پر اْن کی جلد از جلد صحتیابی کی خواہش ظاہر کی ہے۔بھارتی اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی خبر شیئر کی اور ساتھ ہی بتایا کہ خوش قسمتی سے مجھ میں وبا کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صحتیابی کے لیے تمام لوگ نیک تمنائیں بھیج رہے ہیں، اگر آپ کو بھی شک ہو تو کوویڈ 19 کا ٹیسٹ کراتے رہیں کیونکہ حالیہ قسم بچوں کو بھی نشانہ بنارہی ہے۔فردین خان نے یہ بھی کہا کہ چھوٹے بچوں تک رسائی اور محدود ادویات سے بہتر ہے کہ قرنطینہ میں خوش رہا جائے۔بھارتی اداکار کے وبا کا شکار ہونے کی اطلاع ملنے پر مداحوں نے ردعمل دیا ہے ،ایک نے لکھا ’میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، اپنا خیال رکھنا‘۔ایک اور مداح نے لکھا کہ سر آپ جلد ٹھیک ہوجائیں، ہم آپ کو دوبارہ اسکرین پر دیکھنے کے منتظر ہیں۔ایک مداح نے انہیں اپنا خیال رکھنے کی تجویز دی تو دوسرے نے ان کی جلد صحتیابی کی خواہش کااظہار کیا۔فردین خان جو مرحوم اداکار فیروز خان کے بیٹے ہیں نے 1998ء میں بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا اور اپنی آخری فلم دلہا مل گیا 2010ء میں کی تھی، جس میں شاہ رخ خان اور سشمیتا سین نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔