ہندوستانی فوج سرحدیں تبدیل کرنے کی کوشش ناکام بنا دے گی
نئی دہلی، جنوری۔آرمی چیف جنرل ایم ایم نروانے نے ہفتہ کو بتایاکہ ہندوستانی فوج سرحدوں پر اسٹیٹس کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوششوں کی اجازت نہیں دے گی۔جنرل نروانے نے یہ بات یہاں کریپا پریڈ گراؤنڈ میں آرمی ڈے کے موقع پر کہی۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال ہمارے لیے بہت چیلنج سے بھرا رہا ہے۔ آپ ہماری شمالی سرحدوں پر چین کے ساتھ ہونے والی پیش رفت سے واقف ہیں۔ حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے حال ہی میں 14ویں سینئر ملٹری کمانڈرز کی سطح پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے بتایاکہ مختلف سطحوں پر مشترکہ کوششوں کی وجہ سے بہت سے علاقوں سے پسپائی اختیار کئے گئے ہیں۔ یہ بذات خود ایک مثبت پیشرفت ہے۔ ہماری کوششیں موجودہ صورتحال کو باہمی اور مساوی سلامتی کے اصول کی بنیاد پر حل کرنے کے لیے جاری رہیں گی۔ پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے جنرل نروانے نے کہا کہ سرحد پار تربیتی کیمپوں میں تقریباً 300-400 دہشت گرد جموں و کشمیر میں دراندازی کے موقع کا انتظار کر رہے تھے لیکن لائن آف کنٹرول کے ساتھ ملٹری آپریشنز اور فوج کے مضبوط کاؤنٹر انفلٹریشن گرڈ نے کئی کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈرون کے ذریعے سرحد پار سے ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔جنرل نروانے نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں جموں و کشمیر کے اندرونی علاقوں میں زمینی حالات میں کافی بہتری آئی ہے۔ سرحد پار سے حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیمیں ترقی کے عمل کو روکنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ غیر مقامی اور غریب مزدوروں کو نشانہ بنانا اس سازش کا حصہ ہے۔ لیکن سیکورٹی فورسز کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے تشدد کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔‘‘آرمی چیف نے آرمی ڈے پریڈ میں بہادری کے اعزازات پیش کیے۔آرمی ڈے فیلڈ مارشل کے ایم کریپا کو ہندوستانی فوج کے پہلے ہندوستانی کمانڈر انچیف کا عہدہ سنبھالنے کے موقع پر منایا جاتا ہے۔ ہندوستانی فوج تمام کمانڈ ہیڈ کوارٹرز میں یہ ڈے منا رہی ہے۔