سنجے دت کورونا کے باوجود اپنی فلموں کے اچھا پرفارم کرنے کیلئے پرامید
ممبئی ،جنوری۔ بولی وڈ کے معروف اداکار سنجے دت کی کافی عرصے بعد کوئی فلم ریلیز ہونے والی ہیں جن کے وہ وقت پر ریلیز ہونے کے لیے پرامید ہیں۔ یاد رہے کہ 2019 میں ان کی فلم پانی پت ریلیز ہوئی تھی جس کے بعد اب اس برس ان کی تین فلمیں ریلیز ہونے کے لیے شیڈولڈ ہیں۔ اس حوالے سے 62 سالہ سنجے دت کا کہنا ہے کہ وہ پرامید ہیں کہ یہ فلمیں ملک میں کورونا وائرس کی بڑھتی وبا کے دوران بھی اچھا پرفارم کرینگی۔انہوں نے کہا کہ ان فلموں میں شمشیرا، کے جی ایف ٹو اور پرتھوی راج شامل ہیں جو بہترین فلمیں ہیں، ان کی ریلیز ہونے کے حوالے سے میں کافی پرجوش بھی ہوں، لیکن موجودہ کورونا وائرس کی صورتحال میں سب کچھ غیر یقینی ہے۔ان کے مطابق یہ فلمیں بڑی اسکرین کے تجربات کی بنا پر بنائی گئی ہیں، اور ان سے جب ہی لطف اندوز ہوا جاسکے گا جب کورونا صورتحال کنٹرول میں آئے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ سب کچھ بہتر ہوجائے گا لیکن لوگوں کو احتیاطی اقدامات کرنے کے ساتھ ماسک لگانا ہوگا۔یاد رہے کہسنجے دت بولی وڈ کے ایسے اداکار ہیں جنہوں نے ماضی میں کئی سال سلاخوں کے پیچھے گزارے ہیں۔سنجے دت نے 2018 میں دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ’ہم جیل میں اخبارات سے کاغذ کے تھیلے بناتے تھے، مجھے فی بیگ 20 پیسے ملتے تھے اور میں روزانہ کی بنیاد پر 50 سے 100 کے درمیان تھیلے بناتا تھا۔سنجے دت نے کہا کہ ’میں نے تقریباً 400 سے 500 روپے کمائے تھے۔آنہوں نے انکشاف کیا کہ ’میں جب سال 2016 میں جیل سے باہر آیا تو میں نے یہ ساری رقم اپنی اہلیہ کو دی تھی کیونکہ وہ 500 روپے میرے لیے 5000 کروڑ روپے کے برابر تھے۔