معروف بھارتی جوڑی عامر علی اور سنجیدہ شیخ کی 9 سال بعد طلاق ہوگئی
ممبئی،جنوری۔بھارتی شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی عامر علی اور سنجیدہ شیخ کی شادی کے 9 سال بعد طلاق ہوگئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڑے کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اْن کی طلاق کے کاغذات کو آئے تقریباً 9 ماہ ہو چکے ہیں، وہ اپنی اپنی زندگی میں آگے بڑھ چکے ہیں، وہ دونوں انتہائی پرائیویٹ ہیں اور اس طرح طلاق کے بارے میں کوئی سرکاری بیان نہیں دینا چاہتے۔جوڑے کے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ان کی دو سالہ بیٹی آئرہ اپنی والدہ سنجیدہ شیخ کے ساتھ اْن کے گھر میں رہ رہی ہیں۔دوسری جانب میڈیا نے جب جوڑے سے رابطہ کیا تو عامر علی اور سنجیدہ شیخ دونوں نے طلاق کی خبر کی نہ تو تردید کی اور نہ ہی تصدیق کی اور اس پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔سنجیدہ شیخ نے کہا کہ میں صرف چاہتی ہوں کہ میری بیٹی مجھ پر فخر کرے جبکہ عامر علی نے اپنی سابقہ اہلیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ اداکار عامر علی اور سنجیدہ شیخ سال 2012ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔تاہم گزشتہ سال سے یہ خبریں سامنے آرہی تھیں کہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے لیکن دونوں نے کبھی بھی اپنی علیحدگی کے بارے میں قیاس آرائیوں پر توجہ نہیں دی تھی۔