جدہ میں تیز رفتار گاڑی کی مسجد کی دیوار سے ٹکر، 5 افراد زخمی
جدہ،دسمبر۔سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کے جنوب مشرقی علاقے میں ایک گاڑی مسجد کی دیوار سے ٹکرا گئی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ مسجد کی دیوار ٹوٹ گئی جس سے 5 افراد زخمی ہو گئے۔محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری مختصر بیان کے مطابق جدہ کے جنوب مشرقی علاقے المنتزھات میں ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر مسجد کی دیوار سے جا ٹکرائی۔ مذکورہ مسجد کلو 14 کے الصواعد نامی محلے میں واقع ہے۔حادثے کی تفصیل بتاتے ہوئے مسجد کے نمازیوں نے بتایا کہ ایک تیز رفتار گاڑی، ڈرائیور سے بے قابو ہو کر مسجد کی دیوار سے ٹکرا گئی جس کے باعث 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔نمازیوں نے بتایا ہے کہ ’مسجد کی دیوار سے ٹکرانے والی گاڑی ڈیانا ہے جس کا ڈرائیور نیپالی تارک وطن ہے‘۔ ’اچانک دھماکہ ہوا اور ہر طرف گرد وغبار پھیل گیا جس کی وجہ سے اندھیرا چھا گیا۔ کچھ نظر نہیں آرہا تھا کہ کیا ہوا ہے‘۔’نمازیوں کی بڑی تعداد مسجد سے جا چکی تھی جبکہ کچھ لوگ حادثے کے وقت مسجد میں موجود تھے‘۔ ’جو لوگ باہر تھے وہ دھماکے کی آواز سن کر مسجد آگئے۔ جب دھول بیٹھ گئی تو پتہ چلا کہ کیا ہوا ہے‘۔’اس وقت ڈیانا کا ڈرائیور اسٹیئرنگ تھامے ہوئے تھا جبکہ گاڑی سٹارٹ تھی اور اس پر سکتہ طاری تھا‘۔ نمازیوں نے کہا ہے کہ ’لوگوں نے گاڑی کو بند کیا اور ڈرائیور کو نکالا اور زخمیوں کو سنبھالنے میں مصروف ہو گئے‘۔انہوں نے بتایا کہ’ہمیں سمجھ نہیں آیا کہ آخر ڈرائیور کے ساتھ ہوا کیا تھا، گاڑی کیسے اس سے بے قابو ہو کر مسجد سے ٹکرا گئی‘۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع، ہلال الاحمر اور ٹریفک پولیس کے یونٹ جائے حادثہ پرپہنچ گئے۔ امدادی ٹیموں نے مسجد کی دیوار ٹوٹنے سے زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر طبی امداد دیتے ہوئے انہیں ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انکا علاج جاری ہے۔