کتنا صحت مند ہے آپ کا پیارا پیارا گھر؟
گھر میں رہنے والوں کی اچھی صحت کے لئے گھر کا صاف ستھرا اور جراثیم سے پاک ہونا بے حد ضروری ہے۔ گھر میں کچھ ایسے جراثیم کی آماجگاہ ہوتی ہیں جنہیں ہم اکثر نظرانداز کر دیتے ہیں جس کی قیمت ہمیں اپنی صحت کو نقصان پہنچا کر چکانی پڑتی ہے۔ تمام انفیکشن اور الرجی کے سبب بننے والے ان جراثیم اور بیکٹیریا کو ختم کریں اور گھر کے ساتھ ساتھ گھروالوں کو بھی صحت مند رکھیں:
صحت مند کچن
ز کچن کے سنک میں روزانہ ایک بار گرم پانی ڈالیں تاکہ سنک میں کائی نہ جمے اور نہ ہی پائپ میں کچرا پھنسے۔ ساتھ ہی سنک میں رات بھر جھوٹے برتن نہ رکھیں۔
ز بہت سے لوگ برتن دھونے کے بعد گیلا اسفنج اسی طرح رکھ دیتے ہیں جس سے ان میں بیکٹیریا پیدا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ہر بار برتن دھونے کے بعد اسفنج کو اچھی طرح دھو کر اور پانی نچوڑ کر رکھیں۔ رات کو اسے ایسی جگہ رکھیں جس سے وہ سکھ جائے۔
ز کچن کاؤنٹر کو روزانہ صابن پانی سے دھونے کے بعد ایک چمچہ کلورین بلیچ ڈال کر صاف کریں۔
ز برتن رکھنے کی ٹرالی یا برتن رکھنے کی جگہ کا بھی صاف ستھرا اور جراثیم سے پاک ہونا بہت ضروری ہے ورنہ بھلے ہی آپ نے برتن کتنی ہی اچھی طرح کیوں نہ دھویا ہوں وہاں پہنچتے ہی وہ جراثیم کی زد میں آسکتے ہیں۔
ز کچن کاؤنٹر پر کہیں بھی کچھ بھی کھانے کی چیز گرے تو اسے فوراً صاف کریں ورنہ چیونٹی، مکھی اور جھینگر آسکتے ہیں۔
ز کچن میں استعمال ہونے والے کپڑے کو بھی ہمیشہ صاف اور خشک رکھیں۔
ز گرم پانی میں بیکنگ سوڈا ملا کر فریج بھی صاف کریں۔ ایسا ہر ہفتے کریں تاکہ فریج میں رکھی چیزیں بھی محفوظ رہیں۔
ز کچن میں کبھی بھی ڈسٹ بن کھلا نہ چھوڑیں۔ ہمیشہ ڈھانک کر رکھیں۔ ساتھ ہی ہر ہفتے ڈسٹ بن کو صاف کریں اور دھوپ میں سکھائیں۔ ڈسٹ بن میں ہمیشہ ڈسٹ بن بیگ ڈال کر رکھیں۔
ز ہر ۶؍ مہینے میں کچن میں پیسٹ کنٹرول ضرور کروائیں۔
ز کچن میں اچھی خوشبو کے لئے سرکہ یا پھر لیمن ایکسٹرک چھڑکیں۔
صحت مند باتھ روم
ز باتھ روم اور ٹائلٹ دونوں ہی ایسی جگہیں ہیں جو گیلی رہتی ہیں جس کے سبب جراثیم کے پنپنے کے لئے پرفیکٹ جگہ ہیں، اس لئے جتنا ہو سکے انہیں سکھا کر رکھنے کی کوشش کریں۔
ز بالٹی یا ٹب میں پانی بھر کر نہ رکھیں بلکہ استعمال کے بعد بالٹی کو الٹی کرکے رکھ دیں تاکہ بالٹی بھی سکھ جائے اور وہ جگہ بھی۔
ز باتھ روم میں ایگزاسٹ فین ضرور لگائیں تاکہ سارا موئسچر باہر نکل جائے۔
ز ہفتے میں ایک بار باتھ روم کا فرش اور ٹائلس کسی اینٹی بیکٹیریل کلینر سے صاف کریں۔
ز باتھ روم صاف کرنے کا بہتر وقت گرم پانی سے نہانے یا پھر شاور لینے کے بعد ہوتا ہے کیونکہ اس وقت پورے باتھ روم میں موئسچر رہتا ہے جس سے صفائی کرنے میں مدد مل جاتی ہے۔
ز باتھ روم اور ٹوئلٹ کی صفائی گرم پانی سے کریں تاکہ جراثیم ختم ہو جائیں۔
ز ہفتے میں ایک بار بلیچ کو پانی میں ملا کر ٹوئلٹ یا باتھ روم صاف کریں۔
صحت مند لیونگ روم
ز زیادہ تر لوگ ٹی وی رموٹ کنٹرول، سوئچ بورڈ اور ٹیلی فون ہینڈل کی دھول مٹی اور جراثیم کو نظر انداز کرتے ہیں جو مسلسل زیر اثر رہنے کی وجہ سے انفیکشن کا سبب بنتے ہیں۔
ز لیونگ روم کے پردے، بیڈ شیٹ، تکیہ کے کور کے ساتھ ساتھ صوفے کے کور بھی مہینے میں ایک بار ضرور صاف کریں۔
ز گیلے کارپٹ اور ریگس اور ڈسٹ مائٹس اور جراثیم ہوسکتے ہیں اس لئے وقتاً فوقتاً انہیں نکال کر دھوپ میں سکھائیں تاکہ فنگس بھی نہ لگے۔
ز گھر میں سورج کی روشنی آنے سے بیکٹیریا نہیں ہوتے اس لئے صبح و شام گھر کی کھڑکیاں اور دروازے کھلے رکھیں۔
ز گھر صحتمند رہے اس لئے سب سے ضروری ہے ہوا کا گزرنا۔ گھر میں جتنی زیادہ تازہ ہوا کا آنا جانا ہوگا گھر کے لوگ اتنے ہی صحتمند رہیں گے۔
ز شو ریک ایسی ہی ایک جگہ جہاں جوتے چپل کے ذریعے جراثیم اور بیکٹیریا گھر میں داخل ہوتے ہیں اس لئے جوتے چپل کے ساتھ ساتھ شو ریک کو بھی ہر ۱۰؍ سے ۱۵؍ دن میں ایک بار صاف ضرور کریں اور اس میں فنائل کی گولیاں ڈالیں۔
اہم باتیں
ز صبح و شام گھر میں جھاڑو لگائیں اور جہاں بچے کھیلتے ہیں اسے ہمیشہ جرم فری رکھیں۔
ز بچے اکثر کھیلتے ہوئے کوئی بھی سامان اٹھا کر منہ میں ڈال لیتے ہیں اس لئے ان کی پہنچ تک کی سبھی چیزیں صاف رکھیں۔