جس طرح کریکٹر اداکارہ ہیروئن نہیں بن سکتی اسی طرح پرانی گاڑی نئی نہیں بن سکتی: گڈکری

نئی دہلی، مارچ۔ سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ جس طرح ایک بارکریکٹر رول ادا کرنے والی ادکارہ کو دوبارہ ہیروئن کا رول ملنا مشکل ہے، بالکل اسی طرح پرانی گاڑیوں میں نئی ​​گاڑیوں کے فیچرز لگانے مشکل ہیں۔مسٹر گڈکری نے یہ بات بدھ کو راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن پارلیمنٹ روپا گنگولی کے پرانی گاڑیوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہی، جس سے ایوان میں قہقہے گونج اٹھے۔ بعد میں انہوں نے کہا کہ ہیروئن کے حوالے سے جو ریمارکس انہوں نےدیے وہ کسی کے خلاف نہیں تھے اور انہیں اچھے جذبے سے لیا جانا چاہیے۔ اس پر محترمہ گنگولی نے وزیر کے نقطہ نظر کو اسی جذبے سے لیا اور کہا کہ ’ٹھیک ہے‘۔محترمہ گنگولی نے سوال کیا تھا کہ اب نئی گاڑیوں حفاظت اور سہولت کے لحاظ سے بہتر سے بہتر فیچر آرہے ہیں، لیکن جو گاڑیاں دو یا تین سال پرانی ہیں وہ ایک طرح سے نئی ہیں، تو کیا ان گاڑیوں کو بھی نئے فیچرز سے لیس کیا جا سکتا ہے؟ اس پرمسٹر گڈکری نے کہا کہ جس طرح کوئی اداکارہ ایک بار کریکٹر رول کرنا شروع کردے تو اسے دوبارہ ہیروئن نہیں بنایا جا سکتا، اسی طرح پرانی گاڑیوں میں نئے فیچرز میکانکی طور پرلگایا جانا بہت مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک حادثات میں اضافہ کے پیش نظر حکومت ’انڈیا نیو وہیکل اپریزل پروگرام‘ جیسے این سی اے پی کہا جاتا ہے چلا رہی ہے۔ اس کے تحت ملک میں فروخت ہونے والی کاروں کی حفاظت کی بنیاد پر درجہ بندی کی جائے گی۔ اس پروگرام کو مرحلہ وار نافذ کیا جا رہا ہے۔مسٹر گڈکری نے کہا کہ ملک میں ہر سال پانچ لاکھ حادثات ہوتے ہیں جن میں ڈیڑھ لاکھ لوگ مر جاتے ہیں۔ یہ تشویشناک بات ہے اور حکومت صورتحال کو سدھارنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ اب ہر قسم کی گاڑیوں میں چھ ایئر بیگز لگانے کا التزام کیا گیا ہے۔

Related Articles