لندن انڈر گرائونڈ کے ڈرائیور اختتام ہفتہ رات کو ہڑتال کریں گے

لندن،دسمبر۔ نائٹ ٹیوب سے متعلق تنازعہ پر لندن انڈر گرائونڈ کے ڈرائیور اختتام ہفتہ رات کو ہڑتال کریں گے، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ریل، میری ٹائم اور ٹرانسپورٹ یونین (RMT) کے ارکان نئے روسٹر کے تنازعہ پر ہفتہ کو انڈرگرائونڈ لائنز پر 5 انڈر گرائونڈ لائنز پر 24 گھنٹے کیلئے کام چھوڑ دیں گے، جس سے وکٹوریہ لائنز اور سینٹرل میں نائٹ ٹیوب سروسز بھی ایک دفعہ پھر متاثر ہوگی۔ ٹرانسپورٹ فار لندن کا کہنا ہے کہ ہفتہ کو ہونے والی ہڑتال سے سینٹرل، جوبلی، ناردرن، پکاڈلی اور وکٹوریہ لائنزپر سارا دن کوئی سروس دستیاب نہیں ہوگی اور بعض مقامات پر سروس نہ ہونے کے برابر ہوگی۔ RMT کا کہنا ہے کہ رات کیلئے نیا روسٹر ڈرائیوروں پر مسلط کیا جا رہا ہے۔ لندن انڈر گرائونڈ کے ڈائریکٹر کسٹمر آپریشنز نک ڈینٹ کا کہنا ہے کہ ہمارا موقف یہی ہے کہ ٹیوب ڈرائیورز ہر سال اختتام ہفتہ 4 نائٹ شفٹ کریں گے، اگر وہ چاہیں تو اپنے ساتھیوں سے اس کا تبادلہ کرسکتے ہیں، یہ مناسب طریقہ ہے، ہم نے یہ بھی ضمانت دی ہے کہ کسی کو بیروزگار نہیں کیا جائے گا۔ ہم RMT سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ یہ غیر ضروری ہڑتال واپس لے لیں۔ کیونکہ ہڑتال سے لندن کے عوام اور شہر کی سیر کیلئے آنے والوں کو سال کے اس اہم موقع پر جشن کی تقریبات سے لطف اٹھانے اور آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Related Articles