اوم برلا نے پرمیلا وسوئی کی تعریف کی
نئی دہلی، دسمبر۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے جمعرات کو اوڈیشہ کے آسکا سے منتخب رکن پرمیلا وسوئی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہت کم تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود وہ بہت بڑی سماجی کارکن ہیں اور اپنے ضلع میں سیلف ہیلپ گروپ چلاکر بڑی تعداد میں خواتین کو روزگار فراہم کر ا رہی ہیں۔محترمہ پرمیلا نے وقفہ صفر کے دوران خواتین کا مسئلہ اٹھایا اور انہوں نے اوڈیا میں اپنی بات رکھی۔ ان کی بات ختم ہوتے ہی مسٹر برلا نے ممبران سے کہا کہ جمہوریت کی یہی خوبصورتی ہے کہ پرمیلا جیسی سماجی کارکن اس میں آتی ہیں اور عوام کے مسائل شدت سے اٹھاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہی محترمہ پرمیلا کو ایوان میں اپنی بات رکھنے کی ترغیب دی۔ جب محترمہ پرمیلا ان کے کمرے میں آئیں تو انہوں نے کہا کہ وہ اوڈیا کے علاوہ کوئی اور زبان نہیں جانتیں، جس پر انہوں نے انہیں اپنی بات اوڈیا میں رکھنے کا مشورہ دیا اور محترمہ پرمیلا نے ایوان میں بہت خوبصورتی سے بات رکھی۔بعد میں، بیجو جنا دل کے ایک سینئر رکن، بھرتو ہری مہتاب نے ایوان کو بتایا کہ انہوں نے اوڈیا میں خواتین کے مسئلہ پر بات رکھی ہے۔ جب صدر نے ان کی تعلیم کے بارے میں پوچھا تو مسٹر مہتاب نے کہا کہ ان کی تعلیم بہت کم ہے لیکن وہ اپنے ضلع گنجم میں تنظیم کی سربراہ ہیں اور بڑی تعداد میں خواتین کو روزگار دے رہی ہیں۔دریں اثنا، بی جے ڈی کی چندرانی مرمر نے بھی ایوان میں بات رکھی اور کہا کہ ان کے پارلیمانی حلقہ کے کرنجیا میں کیندریہ ودیالیہ قائم کیا جانا چاہیے۔ جیسے ہی انہوں نے اپنی بات ختم کی، مسٹر برلا نے بھی ان کے کام کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ایوان میں سب سے کم عمر رکن ہیں۔