بازار تیزی واپس، سنسیکس 886پوائنٹ اور نفٹی میں 264پوائنٹ کی اچھال
ممبئی، دسمبر۔ عالمی سطح پر ملے مثبت اشاروں کے ساتھ ساتھ ریزرو بینک کی جانب سے گھریلو سطح پر پالیسی ریٹ برقرار رکھنے کی امید اور گزشتہ سیشن کی زبردست گراوٹ کے سبب ہوئی خریداری کے باعث آج اسٹاک مارکٹ میں زبردست تیزی رہی اور اس دوران سنسیکس اور نفٹی 1.56کی سبقت بنانے میں کامیاب رہے لیکن اس کے باوجود بھی مارکٹ گزشتہ ہفتہ کی سطح پر نہ پہنچ سکی۔بی ایس ای کا 30شیئروں کا والا انڈیکس سنسیکس 886.51پوائنٹ کی سبقت کے ساتھ 57ہزار پوا ئنٹ کی نفسیاتی سطح کو پار کرتے ہوئے 57633.65 پوائنٹ پر اور نیشنل اسٹاک ایکسچنج (این ایس ای) کا نفٹی 264.45پوائنٹ کی سبقت کے ساتھ 17176.70 پوائنٹ پر رہا۔ بڑی کمپنیوں میں ہوئی زبردست خریداری کی بدولت چھوٹی اور درمیانی کمپنیوں میں بھی خریداری ہوئی جس سے بی ایس ای کا مڈکیپ 1.29فیصد بڑھ کر 25161.62پوائنٹ پر اور اسمال کیپ 1.14فیصد چڑھ کر 28358.62پوائنٹ پر رہا۔بی ایس ای میں ہوئی چوطرفہ خریداری کی بدولت تمام گروپ ہرے نشان میں رہے۔اس میں دھات 3.20فیصد، ریلٹی 2.58فیصد، بینکنگ 2.54فیصد اور فائنانس 2.05فیصد خاص طورپر شامل ہیں۔ ہیلتھ کیئر میں سب سے کم 0.19فیصد کی سبقت رہی۔بی ایس ای میں کل ملاکر 3394کمپنیوں میں کاروبار ہوا جس میں سے 2331میں تیزی رہی جبکہ 946میں گراوٹ درج کی گئی۔ اس دوران 117میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔عالمی سطح پر بھی ا ہم انڈیکس ہرے نشان میں رہے۔ برطانیہ کا ایف ٹی ایس ای 1.17فیصد، جرمنی کا ڈیکس 1.98فیصد، جاپان کی نکئی 1.89فیصد، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ 2.72فیصد اور چین کا شنگھائی کمپوزٹ 0.16فیصد شامل ہیں۔