فلموں میں واپسی پر فردین نے خود کو بالی ووڈ میں نیا کہہ دیا
ممبئی،دسمبر۔بالی ووڈ انڈسٹری میں دوبارہ واپسی پر اداکار فردین خان نے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ وہ فلموں میں نئے ہیں۔فردین خان سنیل شیٹی کے بیٹے آہان شیٹی کی ڈیبیو فلم ’تڑپ‘ کے پریمیئر میں انہیں سپورٹ کرنے آئے ہیں۔ فلموں میں اپنی واپسی سے متعلق انہوں نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ میں بالی ووڈ میں نیا ہوں۔ اپنی اور سنیل شیٹی کے تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں سنیل شیٹی کو اپنی دوسری فلم ’جنگل‘ سے جانتا ہوں، وہ اس فلم میں میرے معاون اداکار تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنیل شیٹی اس عرصے سے میرے دوست اور خیرخواہ رہے ہیں، وہ اتنے شفیق انسان ہیں کہ جب آپ کو ان کی ضرورت ہو تو وہ حاضر رہتے ہیں۔ سنیل شیٹی کے بیٹے آہان شیٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے فردین خان کا کہنا تھا کہ میں انہیں تب سے جانتا ہوں جب وہ بچے تھے، لیکن اب وہ ایک اچھے اداکار دکھائی دیتے ہیں، مجھے امید ہے کہ ان کا کیریئر بہترین رہے گا۔ واضح رہے کہ سال 2010 میں آخری مرتبہ سلور اسکرین پر دکھائی دینے والے فردین خان اب فلم ’وسفوٹ‘ سے دوبارہ فلموں میں انٹری دے رہے ہیں، ان کے ساتھ فلم میں رتیش دیشمکھ بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔