حکومت قومی معاملات پر دھوکہ دے رہی ہے: کانگریس
نئی دہلی،نومبر۔ کانگریس نے کہاکہ چین ہماری سرحد میں دراندازی کرکے تعمیراتی کام کررہاہے لیکن حکومت حقیقت چھپا رہی اور جھوٹ بول کر ملک کو گمراہ کیا جارہا ہے۔کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے اتوار کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ اسپیشل پریس کانفرنس میں کہاکہ چین اروناچل پردیش میں ہندستانی سرحد میں 6-7کلومیٹر کے اندرتعمیراتی کام کرکے گاوں آباد کررہا ہے لیکن وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اصلیت پر پردہ ڈال کر کہتے ہیں کہ ملک کی سرحد میں کسی کو بھی آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ چین نے جنوری میں جس جگہ گاوں آباد کیا تھا اس سے 93 کلومیٹر دور اور ہندستانی سرحد میں چھ سات کلومیٹر اندر گاوں آباد کردیا ہے لیکن وزیراعظم نریندر مودی اس بارے میں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور حکومت کی طرف سے متضاد بیانات آرہے ہیں۔ترجمان نے اس تعمیراتی کام کی فوٹو دکھاتے ہوئے دعوی کیا کہ جو زمین کچھ مہینے پہلے خالی تھی وہاں اب عمارت بن گئی ہے۔ دنیا کی اہم ایجنسیاں سیٹلائٹ تصاویر دیکر بتارہی ہیں کہ چین دراندازی کررہا ہے لیکن حکومت حقیقت چھپا رہی ہے۔انہوں نے حکومت سے قومی سلامتی کے معاملے پر ملک کے عوام کو گمراہ نہیں کرنے کی درخواست کر تے ہوئے کہاکہ چین کے خلاف حکمت عملی بنانے میں سب کو ساتھ لیکر چلنے کی ضرورت ہے۔