کشمیر میں سیب فیسٹول کا آغاز
نئی دہلی اکتوبر ۔وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو سری نگر میں پہلے ایپل فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مسٹر تومر نے جموں و کشمیر حکومت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں مرکزی حکومت مختلف اسکیموں کے لیے فراہم کردہ فنڈز سے ریاست میں زراعت کی ترقی کے لیے بہت اچھا اور تیز کام کر رہی ہے۔ سیب اور کشمیر ایک دوسرے کے مترادف ہیں، یہ اہم فصل ہے اوریہ اہم انعقاد یہاں سیب کے کاشتکاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو ایک بہتر پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ تقریباً 22 لاکھ ٹن کی سالانہ پیداوار کے ساتھ یہاں کا سیب قومی پیداوار میں 87 فیصد تعاون دیتا ہے اور جموں و کشمیر کی تقریباً 30 فیصد آبادی کے ذریعہ معاش سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے کمی کو پورا کرنے کا کام تیزی سے کیا جا رہا ہے۔ ملک کی آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت ایپل فیسٹیول کا انعقاد کسانوں کی آمدنی بڑھانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ مسٹر تومر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ریاست میں ایک خصوصی اسکیم کے تحت 2300 ہیکٹر رقبے میں اعلی کثافت کا پودا لگایا گیا ہے اور اعلی کثافت کے پودے لگانے کے مواد کے لئے سب سے بڑا مرکز بھی کھولا جا رہا ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ قریوں اور زراعت کے شعبے میں انقلابی تبدیلی لانے کے لئے وزیراعظم نریندرمودی نے مختلف اسکیموں شروع کی ہیں۔ کسانوں کی محنت، سائنسدانوں کی تحقیق اور حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کے باعث ملک میں زرعی شعبہ مسلسل ترقی کر رہا ہے۔ اس سے زراعت کی جانب نئی نسل بھی یقینی طورپر راغب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے کو مزید ترقی دینے کے لئے جموں وکشمیر حکومت کو مرکزی حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی۔ مسٹرتومر نے کہا کہ وزیر اعظم ملک میں زراعت اور اس سے وابستہ شعبے کی ترقی اور کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے پوری طاقت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی ساکھ بڑھانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔