میڈیا اپنی ذمہ داری ادا نہیں کر رہا ہے : راہل
نئی دہلی، اکتوبر۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے میڈیا کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری ادا نہیں کررہا ہے اور جب کانگریس لکھیم پور جیسے ایشوز اٹھاتی ہے تو اس پر سیاست کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے۔بدھ کو لکھیم پور روانگی سے قبل یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں منعقد ایک خصوصی پریس کانفرنس میں مسٹر گاندھی نے کہا کہ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مسئلے کو اٹھائے لیکن جب ان کی پارٹی سوالات پوچھتی ہے تو میڈیا اس پر سیاست کرنے کا الزام لگاتا ہے۔کانگریس لیڈر نے کہا’’سچ بتاؤں یہ آپ کا کام ہے ،آپ لوگ تو کرتے نہیں ہیں ، یہ آپ کی ذمہ داری ہے ، یہ آپ کرتے نہیں ہیں الٹا سوال کرتے ہیں کی سیاسیت کی جارہی ہے ۔ اس کو مسئلہ کو اٹھانا آپ کی بھی ذمہ داری ہے ، آپ خود بھول گئے اور پھر آپ ہمیں بتاتے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا ’’ہم لکھیم پور جا رہے ہیں۔ لکھیم پور کھیری میں دفعہ 144 نافذ ہے اور یہ صرف پانچ افراد کو روکتا ہے ، ہم میں سے تین جا رہے ہیں۔ ہم نے اتر پردیش حکومت کو خط لکھا ہے۔ اپوزیشن کا کام دباؤ بنانا ہے تاکہ قصورواروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔