والدین کی مخالفت کے باوجود شادی شدہ جاوید اختر سے شادی کی، شبانہ اعظمی
ممبئی،اکتوبر۔بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی نے جاوید اختر کے ساتھ اپنی شادی کے حوالے سے درپیش مشکلات پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے اس فیصلے پر انھیں والدین کی جانب سے سخت مخالفت کا سامنا تھا۔اسکی وجہ یہ تھی کہ جاوید اختر پہلے ہی شادی شدہ اور دو بچوں (زویا اور فرحان اختر) کے والد تھے۔یاد رہے کہ کہ جب شبانہ اور مشہور شاعر جاوید اختر کی 1984 میں شادی ہوئی تھی تو اس سے قبل جاوید اختر ہنی ایرانی کے ساتھ شادی شدہ زندگی گزار رہے تھے۔بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور مصنفہ ٹوئنکل کھنہ سے گزشتہ روز یوٹیوب چینل ٹوئیک انڈیا میں گفتگو کرتے ہوئے شبانہ اعظمی نے مزید کہا کہ وہ اس مشکل کے باوجود اپنی سوتن ہنی ایرانی کو اس بات کا کریڈٹ دیتی ہیں کہ انھوں نے بچوں کے ذہن میں اپنے والد کی مجھ سے دوسری شادی پر ہم دونوں کے خلاف زہر نہیں گھولا اور نہ ہی کبھی کوئی مشکل پیدا کی۔شبانہ اعظمی نے ہنی ایرانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت فیاض خاتون ہیں۔ نہ صرف یہ بلکہ انھوں نے اپنے دونوں بچوں کو جب وہ بہت چھوٹے تھے ہمارے ساتھ لندن بھیجا، جس سے بچوں کی مجھ سے قربت بڑھی اور آج میرے اور بچوں (زویا اور فرحان) کے قابل رشک تعلقات ہیں۔