بی جے پی جموں وکشمیر میں اگلی سرکار اپنے بل پر قائم کرے گی: رویندر رینہ
سری نگر،مئی۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی ے پی) جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ بی جے پی جموں وکشمیر میں اگلی سرکار اپنے بل پر قائم کرے گی اور اس کو کسی دوسری پارٹی کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک خود مختار ادارہ ہے اور جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ یہی ادارہ کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں جب بھی انتخابات ہوں گے بی جے پی لڑنے کے لئے تیار ہے۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کھنہ بل علاقے میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا وہ وادی کے پانچ روزہ دورے پر ہیں۔انہوں نے کہا: ‘میں اس وقت وادی کے پانچ روزہ دورے پر ہوں ہماری کوشش ہے کہ جموں و کشمیر میں تنظیمی نیٹ ور کو مزید مضبوط کیا جائے۔ان کا کہنا تھا: وادی میں بی جے پی کی زبردست لہر ہے یہاں ہر گھر میں بی جے پی کا جھنڈا پھیلایا جا رہا ہے۔سجاد لون کے بیان کہ جموں و کشمیرمیں اگلی سرکار بی جے پی اور نیشنل کانفرنس کی مخلوط سرکار ہوگی، کے جواب میں مسٹر رینہ نے کہا: ‘جس طرح سے بی جے پی کو جموں وکشمیر کے لوگوں کی دعائیں اور پیار مل رہا ہے تو میں یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ جموں وکشمیر میں اگلی سرکار بی جے پی کی اپنی سرکار ہوگی اس کو کسی بھی پارٹی کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی پچاس سے زیادہ سیٹیں حاصل کر سکتی ہیں اور جموں و کشمیر میں اگلا وزیر اعلیٰ بی جے پی کا ہی ہوگا۔موصوف صدر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ایک خود مختار ادارہ ہے جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ یہی ادارہ لے گا۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں جب بھی الیکشن ہوں گے بی جے پی ان میں حصہ لینے کے لئے تیار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے لوگ بی جے پی کو پیار کرتے ہیں کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی جی ان کے درد کو سمجھ کر ان کے زخموں پر مرہم لگانے کا کام کیا۔