مودی، شاہ، نڈا کو سونیا کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر معافی مانگنی چاہیے: کانگریس

نئی دہلی، اپریل ۔ کانگریس پارٹی اور اس کے سرکردہ لیڈروں نے کہا ہے کہ کرناٹک سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل اے باسنگوڈا پاٹل یتنال نے بی جے پی قیادت کے کہنے پر پارٹی کی سابق صدر سونیا گاندھی کے لیے توہین آمیز الفاظ استعمال کیے ہیں، اس لئے وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی صدر جے پی نڈا کو محترمہ گاندھی سے معافی مانگنی چاہیے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل، راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت، پارٹی کی ترجمان سپریہ شرینیت، پارٹی کے سینئر لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا نے بی جے پی کے لیڈر کے بیان کو ان کا گھٹیا پن قرار دیا اور کہا کہ مسز گاندھی کے لئے جس سطح کی زبان استعمال کی گئی ہے وہ قابل مذمت ہے اور بی جے پی قیادت کو اس کے لئے معافی مانگنی چاہیے۔ پارٹی نے اپنے آفیشل ٹویٹر پیج پر ان الفاظ کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘کرناٹک میں بی جے پی ختم ہونے کے دہانے پر ہے۔ ایسے میں اس کے لیڈروں کی بوکھلاہٹ بڑھتی جا رہی ہے۔ اس بوکھلاہٹ میں بی جے پی لیڈر وزیر اعظم کے کہنے پر الٹے سیدھے بیانات دے رہے ہیں۔ وزیر اعظم کے اکسانے پر کرناٹک میں ان کے پسندیدہ لیڈر باسنگوڈا پاٹل یتنال نے کانگریس کی سابق صدر کو ‘وش کنیا’ کہہ کر توہین کرنے کی شرمناک حرکت کی ہے۔ کانگریس نے کہا، مسز گاندھی ملک کے لیے شہید ہوئے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی اہلیہ ہیں اور بی جے پی کے لیڈروں اور مسٹر مودی نے خود ماضی میں ان کے بارے میں بہت توہین آمیز اور قابل اعتراض تبصرہ کیا ہے۔ ملک کسی شہید وزیراعظم کی اہلیہ کے لیے نازیبا الفاظ کا استعمال برداشت نہیں کرے گا۔ مسٹر مودی اور مسٹر شاہ کے کہنے پر اور مسٹر بومئی کی سرپرستی میں مسز گاندھی جی کے بارے میں جس طرح کی باتیں کہی گئی ہیں، اس کا حساب کرناٹک اور ملک کے عوام لیں گے۔ پارٹی نے کہا، ’’ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مسٹر مودی، مسٹر شاہ، بی جے پی کے صدر جے پی نڈا اور وزیر اعلیٰ بومئی اس کے لیے مسز گاندھی سے عوامی طور پر معافی مانگیں۔‘‘” کانگریس کے جنرل سکریٹری وینوگوپال نے کہا، ہر الیکشن میں وہ محترمہ سونیا گاندھی کی توہین کرنے کے لیے نئی گالیاں ایجاد کرتے ہیں، جنہوں نے اپنی پوری زندگی انتہائی وقار اور شائستگی کے ساتھ گزاری ہے۔ بی جے پی ہمارے لیڈروں کے خلاف اپنی گندی زبان سے مسلسل نیچے گرتی جا رہی ہے۔ مودی جی، کیا آپ اس اصطلاح کی حمایت کرتے ہیں؟

Related Articles