فن لینڈاوریورپی یونین میں سعودی عرب کی نئی خاتون سفیروں نے سفارتی اسنادپیش کردیں
برسلز/ریاض،اپریل۔سعودی عرب کی یورپی یونین اور فن لینڈ میں حال ہی میں تعینات ہونے والی خاتون سفیروں نے اپنے متعلقہ مشنوں کے سربراہان کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردی ہیں۔سعودی عرب نے جنوری میں ہہفاء الجدیع اور نسرین الشبل کوبالترتیب فن لینڈ اوریورپی یونین میں سفیر مقرر کیا تھا جس سے بین الاقوامی سطح پر سعودی خاتون سفارت کاروں کی تعداد میں اضافہ ہوا تھا۔خواتین کو قومی دھارے میں لانے کے لیے اقدامات ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویڑن 2030 کا حصہ ہیں۔اس کا مقصد مملکت میں خواتین کی حیثیت کو بہتر بنانا اورانھیں ترقی کے مساوی مواقع مہیا کرنا ہے۔ہیفاء الجدیع نے اپنی اسناد یورپی کونسل کے صدر چارلس مائیکل کو پیش کیں۔ سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ملاقات کے دوران میں انھوں نے مملکت اور یورپی یونین کے درمیان تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔الجدیع نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیااور سعودی شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے یورپی یونین کے صدر کومبارک باد بھی پیش کی۔ایس پی اے کے مطابق چارلس مائیکل نے سعودی ویڑن 2030 اور سعودی یورپی تعلقات کے اعلیٰ معیار سمیت مملکت میں غیرمعمولی ترقیاتی بحالی کی تعریف کی۔وزارت خارجہ کے مطابق پیر کے روزنسرین الشبل نے فن لینڈ کے صدرسولی نینستو کواپنی اسناد پیش کیں اورانھیں سعودی قیادت کی جانب سے مبارک باد پیش کی۔