ریاستوں کی ترقی ملک کی ترقی ہے: مودی

ترواننت پورم، اپریل۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ حکومت تعاون پر مبنی وفاقیت پر توجہ مرکوز کرتی ہے اور اس کا ماننا ہے کہ ریاستوں کی ترقی ہی ملک کی ترقی ہے۔یہاں سنٹرل اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹرمودی نے کہا کہ کیرالہ کے لوگوں کی سخت محنت اور شائستگی ان کی منفرد شناخت کی عکاسی کرتی ہے اوروہ عالمی منظر نامے کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس بات کی تعریف کرتے ہیں کہ کس طرح مشکل وقت کے درمیان ترقی کی زندہ علامت سمجھے جانے کے ساتھ ہی ہندوستان کی ترقی کے وعدے کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم خدمت پر مبنی نقطہ نظر کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ملک اسی وقت تیز رفتاری سے ترقی کر سکتا ہے جب کیرالہ بھی ترقی کرے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے بڑھتے قد کی بنیادی وجہ مرکزی حکومت کی عالمی کوششیں ہیں، جس سے بیرون ملک رہنے والے کیرالہ کے لوگوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’گزشتہ نوبرسوں میں کنیکٹیویٹی انفراسٹرکچر پر بڑی رفتار اور پیمانے پر کام کیا گیا ہے اور اس سال کے بجٹ میں بھی انفراسٹرکچر پر 10 لاکھ کروڑ سے زیادہ خرچ کرنے کی تجویز ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کا شعبہ ملک میں مکمل تبدیلی سے گزر رہا ہے۔ ہم ہندوستانی ریلوے کے سنہری دور کی طرف بڑھ رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ اب تک جتنی بھی وندے بھارت ٹرینیں ہیں، وہ ثقافتی، روحانی اور سیاحتی اہمیت کے مقامات کو جوڑ رہی ہیں۔ کیرالہ کی پہلی وندے بھارت ٹرین ریاست کے شمالی حصے کو جنوبی حصے سے جوڑے گی۔ یہ ٹرین کولم، کوٹائم، ایرناکولم، تھریسور اور کنور جیسے تیرتھ مقامات کو عیقدتمندوں کے لیے قابل رسائی بنائے گی۔ انہوں نے سیمی ہائبرڈ ٹرین، ریجینل ریپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم، رو-رو فیری اور روپ ویز جیسے حل کودرج کیے تاکہ کنیکٹیویٹی کے لیے مخصوص حالات کے حل کی وضاحت کی جاسکے۔ انہوں نے میڈ ان انڈیا، وندے بھارت اور میٹرو کوچز کے مقامی ڈیزائن اور چھوٹے شہروں میں میٹرو لائٹ اور اربن روپ وے جیسے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔مسٹر مودی نے کوچی واٹر میٹرو کو میڈ ان انڈیا پروجیکٹ کا حصہ بتاتے ہوئے اس کے لئے بندرگاہوں کے ترقی کے لئے کوچی شپ یارڈ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کوچی واٹر میٹرو کوچی کے آس پاس کے جزیروں میں رہنے والے لوگوں کو نقل و حمل کے جدید اور سستے ذرائع فراہم کرے گی، بس ٹرمینل اور میٹرو نیٹ ورک کے درمیان انٹرموڈل کنیکٹیویٹی بھی فراہم کرے گی۔ اس سے شہر میں ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے کے علاوہ ریاست میں بیک واٹر ٹورازم کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ فزیکل کنیکٹیویٹی کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی بھی ملک کے لیے ایک ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترواننت پورم میں ڈیجیٹل سائنس پارک جیسے پروجیکٹ ڈیجیٹل انڈیا کو فروغ دیں گے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے 3200 کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور انہیں قوم کے نام وقف کیا۔ ان پروجیکٹوں میں کوچی واٹر میٹرو کا افتتاح اور مختلف ریل پروجیکٹس اور ڈیجیٹل سائنس پارک کا سنگ بنیاد رکھنا شامل ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے ترواننت پورم اور کاسرگوڈ کے درمیان چلنے والی وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔

Related Articles