ہندوستان کی انارگیا منجوناتھ نے سربیا میں انڈر 17 خطاب جیتا
کلکتہ ، ستمبر۔ہندوستانی ٹیبل ٹینس کھلاڑی انارگیا منجوناتھ نے بدھ کے روز بلغراد میں ڈبلیو ٹی ٹی یوتھ کنٹینڈرز کے فائنل میں ہنگری کی ڈوروٹیا ٹولیگیئس کو ہرا کر انڈر 17 گرلز سنگلز ٹرافی جیت لی۔ انارگیا نی نے ڈوروٹیا کو تین ۔دو (11-6، 7-11، 11-4، 8-11، 11-6) سے شکست دے کر اس سیزن میں اپنا پہلا بڑا بین الاقوامی خطاب جیتا۔ خیال رہے کہ 30 مہینوں میں بیرون ملک ہندوستان کا یہ پہلا خطاب ہے۔ انارگیا نے اس سے پہلے سیمی فائنل میں اپنی سویڈن کی حریف نیمن باسن پر تین ۔صفر سے آسان جیت درج کی تھی ۔ ٹیبل ٹینس فیڈریشن آف انڈیا کے جنرل سکریٹری ارون کمار بنرجی نے ایک بیان میں کہا کہ بنگلور کی اس نوجوان کھلاڑی نے فیصلہ کن مقابلے میں اپنی مہارت اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ دوسری طرف ، انارگیا نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہوں نے یہ خطاب جیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریبا ڈھائی سال کے طویل وقفے کے بعد میرا پہلا بین الاقوامی دورہ تھا۔ میں نے پورے اعتماد کے ساتھ فائنل مقابلہ کھیلا اور ڈوروٹیا کی کچھ غلطیوں نے بھی میچ میں ایک اہم کردار ادا کیا۔