مجرموں کو قانون کے تحت ہی سزا ملنی چاہیے: پرینکا
نئی دہلی، اپریل۔کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ مجرموں کو سخت سزا ملنی چاہئے لیکن سزا قانون کے مطابق ملنی چاہئے اور اس کا سیاسی فائدہ نہیں اٹھایا جانا چاہئے۔محترمہ واڈرا نے کہا کہ ہمارے ملک کا قانون آئین میں لکھا گیا ہے، یہ قانون سب سے اہم ہے اور مجرموں کو سخت ترین سزا ملنی چاہئے، لیکن یہ ملک کے قانون کے تحت ہونی چاہئے۔ کسی بھی سیاسی مقصد کے لیے قانون کی حکمرانی اور عدالتی عمل سے کھیلنا یا اس کی خلاف ورزی کرنا ہماری جمہوریت کے لیے درست نہیں ہے۔ جو بھی ایسا کرتا ہے، یا ایسا کرنے والوں کو تحفظ دیتا ہے، اسے بھی ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہئے اور اس پر قانون کا سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔انہوں نے کہا، ’’ملک میں عدالتی نظام اورقانون کی حکمرانی سب سے اوپر ہو، یہ ہم سب کی کوشش ہونی چاہیے۔کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جیرام رمیش نے بھی اسی طرح کے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’کسی بھی سیاسی مقصد کے لیے قانون اور عدالتی عمل کی حکمرانی کو توڑنا یا اس کی خلاف ورزی کرنا جمہوریت کے لیے خطرناک ہے۔ جو بھی ایسا کرتا ہے یا کرنے والوں کو تحفظ فراہم کرتاہے، اسے بھی ذمہ دار ٹھہرایا جانا جاہئے اور ان پر قانون کو سختی سے نافذ کیاجانا چاہیے۔ یہ یقینی بنانے کے لیے ہماری اجتماعی کوشش ہونی چاہیے کہ عدالتی نظام اور قانون کی حکمرانی کا ہر وقت احترام کیا جائے۔‘‘