مدھیہ پردیش نےاشتہارات پر پیسہ لٹائے بغیر تعلیم کے شعبہ میں اونچی چھلانگ لگائی: مودی

بھوپال، اپریل۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کسی کا نام لیے بغیر آج کچھ ریاستوں کی حکومتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش نے بغیر شور مچائے اور اشتہارات پر ایک پیسہ خرچ کیے بغیر تعلیم کے شعبہ میں بہت اونچی چھلانگ لگائی ہے ایسی کامیابی کے لیے تعلیم کے لیے لگن کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔مسٹر مودی نے یہاں نئے بھرتی کئے گئے اساتذہ کے تربیتی پروگرام سے ورچوئل طور پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مدھیہ پردیش کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے کہ ریاست نے ’نیشنل اچیومنٹ سروے‘میں تعلیم کے معیار کے شعبے میں سترہویں مقام سے پانچویں نمبر پر جگہ بنائی گئی ہے۔ ریاست نے یہ بڑی کامیابی بغیر شور مچائے اور اشتہارات پر پیسہ خرچ کیے بغیر حاصل کی ہے۔ خاموشی سے ایسے کام کرنے کے لیے تعلیم کے تئیں لگن کی ضرورت ہوتی ہے۔اس تربیتی پروگرام سے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور اسکولی تعلیم کے وزیر مملکت اندر سنگھ پرمار نے بھی خطاب کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں اس ’مون سادھنا‘ کے لیے ریاست کے طلباء، اساتذہ اورحکومت مبارکباد کے مستحق ہیں۔ مسٹر مودی نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں 22 ہزار 400 سے زیادہ اساتذہ کے عہدوں پر تقرریاں ہوئی ہیں۔ کل نئی بھرتیوں میں سے نصف کا تقرر قبائلی علاقوں میں کیا جائے گا، جس کاسب سے زیادہ فائدہ دیہی علاقوں کے بچوں کو ہوگا۔

 

Related Articles