یوکرین سے متعلق خفیہ امریکی دستاویزات افشا ہونے کی تحقیقات جاری

واشنگٹن،اپریل۔امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت کے خفیہ دستاویزات کے انٹرنیٹ پر شائع ہونے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ان خفیہ دستاویزات میں یوکرین کی امریکی امداد سے متعلق دستاویزات بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان دستاویزات میں امریکی اتحادیوں کے حساس تجزیے بھی شامل تھے جنہیں انٹرنیٹ پر شائع کیاگیا۔خبروں کے مطابق امریکی محکمہ انصاف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ "ہم نے امریکی محکمہ دفاع سے رابطہ کر کے اس واقعہ سے متعلق تحقیقات شروع کر دی ہیں۔”حالیہ دنوں میں ٹوئٹر، ٹیلی گرام، ڈسکورڈ اور دیگر سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر خفیہ دستاویزات اور پریزینٹیشن سلائیڈز وقتا فوقتا جاری کی جارہی ہیں اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق اس واقعہ کی نگرانی کی جارہی ہے اور اس سے قبل اس واقعہ کو محکمہ انصاف کو ریفر کر دیا گیا تھا۔امریکی حکام نے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ ان دستاویزات میں موجود کچھ معلومات میں رد و بدل دیکھنے میں آیا ہے مگر اکثر دستاویزات میں موجود معلومات وائٹ ہائوس، پینٹاگون اور محکمہ خارجہ کے درمیان شئیر کی جانے والی معلومات سے ہم آہنگی رکھتی ہے۔دفاعی ماہرین کے مطابق امریکی خفیہ دستاویزات کے افشا ہونے کا واقعہ امریکی حکام کے لئے نقصان دہ اور شرمناک ہے۔ ان دستاویزات کی مدد سے روس کو اپنے فوجی نظام میں امریکا کی خفیہ رسائی سے متعلق آگاہی ملے گی۔

Related Articles