تمل ناڈو: مندر کے تالاب میں ڈوبنے سے پانچ افراد ہلاک
چنئی، اپریل ۔چنئی شہر کے نانگنلور علاقے میں بدھ کو دھرملنگیشور مندر کے تالاب میں ڈوبنے سے پانچ افراد کی موت ہو گئی۔پولیس نے آج یہاں بتایا کہ یہ واقعہ دھرملنگیشور مندر میں اس وقت پیش آیا جب تمل ماہ ’پنگنی‘ کے اختتام پر دس روزہ سالانہ تہوار ‘تیرتھواری رسم منائی جارہی تھی۔ اس تہوار کے دوران مندر میں مشہور دیوتا کی مورتی کو مندر کے تالاب کے پانی میں نہلایا جاتا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت راگھون، لوکیشورن، بنیش، سوریا اور ایک دیگرراگھون کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو باہر نکالا اور پوسٹ مارٹم کے لیے کروم پیٹ کے سرکاری اسپتال بھیج دیا۔مندر کے پجاری سمیت رسم سے وابستہ تقریباً 25 لوگ 20 فٹ گہرے تالاب میں اترے تھے اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور مندر کو بند کر دیا گیا ہے۔یہاں وزیر اعلی کے دفتر سے جاری ایک سرکاری ریلیز کے مطابق، وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اوراس واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو چیف منسٹر پبلک ریلیف فنڈ سے 2-2 لاکھ لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔