تمل ناڈو میں ‘چیف منسٹر بریک فاسٹ اسکیم کو 30 ہزار سے زیادہ سرکاری اسکولوں تک توسیع کا اعلان کیا
چنئی، مارچ۔ تمل ناڈو حکومت نے ریاست کے 30,122 سرکاری پرائمری اسکولوں میں پہلی سے پانچویں جماعت کے طلباء کے لیے ‘چیف منسٹر بریک فاسٹ اسکیم کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔وزیر خزانہ پی ٹی آر پالانیول تھیاگراجن نے پیر کو اسمبلی میں مالی سال 2023-2024 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں اس اسکیم کے لیے 500 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، جس سے پہلی سے پنجم تک کے 18 لاکھ طلباء کو فائدہ پہنچے گا۔ اس اسکیم کو 1,937 سرکاری پرائمری اسکولوں میں لاگو کیا جا رہا ہے، جس سے پہلی سے پنجم تک کے 1,48,315 طلباء مستفید ہو رہے ہیں۔مسٹر تھیاگراجن نے کہا کہ 1,543 پرائمری اسکولوں میں سے 1,319 اسکولوں میں جہاں پہلے مرحلے میں اس اسکیم کو نافذ کیا گیا تھا، طلباء کی حاضری میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ “وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی بچہ پڑھتے وقت بھوکا نہ رہے۔ تعلیم کو خوشگوار اور عالمگیر بنانے کے لیےچیف منسٹر بریک فاسٹ اسکیم کو وسعت دی جائے گی تاکہ آنے والے تعلیمی سال سے ریاست کے تمام 30,122 سرکاری پرائمری اسکولوں کا احاطہ کیا جائے۔ ایوان میں موجود ارکان نے بنچوں کو تھپکی دے کر اس اعلان کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ قدیم تمل روایت کی پیروی کرتے ہوئے تمل سماج کے کئی رہنماؤں نے غربت کے خاتمے اور طلباء کی تعلیمی ترقی کو فروغ دینے کے لیے اہم اسکیمیں شروع کی ہیں۔ سنہ 1920 میں چنئی میونسپل کارپوریشن کے اس وقت کے چیئرمین سر پٹی تھیگاریار نے ملک میں پہلی بار چنئی میں مڈ ڈے میل پروگرام شروع کیا تھا۔