نوازالدین صدیقی کی ملازمہ نے جھوٹیالزامات لگانے پر معافی مانگ لی
ممبئی،فروری۔بالی ووڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی کی20 سالہ گھریلو ملازمہ سپنا رابن مسیح نے اداکار پرجھوٹے الزامات لگانے پر معافی مانگ لی۔نواز الدین صدیقی کی ملازمہ کی حال ہی میں ایک اور ویڈیو سامنے آئی جس میں اْنہوں نے اداکار پر لگائے گئے تمام الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگی ہے۔ملازمہ نے نئی ویڈیو میں اداکار سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میں آپ کا برا نہیں چاہتی کیونکہ آپ بہت اچھے انسان ہیں اور پہلے سوشل میڈیا پر آپ نے میری جو ویڈیو دیکھی اس کے لیے میں آپ سے معافی مانگتی ہوں۔اْنہوں نے کہا کہ آپ کے خلاف جو میڈیا پر دِکھایا گیا اور جو آپ کی اہلیہ نے آپ کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے وہ سب جھوٹ ہے۔اْنہوں نے مزید کہا کہ میں نہیں چاہتی کے آپ کے خلاف کوئی ایکشن لے، آپ بس گھر واپس آجائیے۔ملازمہ نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ نواز سر، مجھے معاف کردیں، میں آپ سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتی ہوں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز نواز الدین صدیقی کی گھریلو ملازمہ 20 سالہ سپنا رابن مسیح کی ٹوئٹر پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں اْنہوں نے اداکار پر معاوضے کی عدم ادائیگی اور گھر میں قید کرنے کے الزامات عائد کئیتھے۔سپنا رابن مسیح کی یہ ویڈیو اور کچھ دستاویزات وکیل رضوان صدیقی نے ٹوئٹر پر شیئر کی تھیں، جن کے مطابق نواز الدین صدیقی نے نومبر 2022ء میں اپنے بچوں کے لیے ایک گھریلو ملازمہ سپنا رابن مسیح کو کام پر رکھاجو کہ دبئی میں رہائش پذیر ہیں۔دستاویز اور ویڈیو کے مطابق سپنا رابن مسیح 20 سالہ اور بھارتی شہری ہیں جنہیں سیاحتی ویزے پر بچوں کی دیکھ بھال کے لئے دبئی لایا گیا، ابتداً اسے پہلے ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کی گئی لیکن بعدازاں اس کی تنخواہ ویزے کی فیس کی کٹوتی کے باعث روکی گئی تھی۔