انسداد تجاوزات مہم : پادشاہی باغ میں غریبوں کے ڈھانچوں پر بلڈوزر چلایا گیا

سری نگر،فروری۔ جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے پادشاہی باغ علاقے میں ہفتے کی صبح محکمہ مال کی ٹیم نے غریبوں کے ڈھانچو ں کو منہدم کیا۔متاثرین نے الزام لگایا کہ ہم غریب طبقے سے وابستہ ہیں اور محکمہ مال کی جانب سے اُنہیں نوٹس بھی نہیں دی گئی۔یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ پادشاہی باغ سری نگر میں ہفتے کی صبح محکمہ مال کی ٹیم نے کباڑی ڈھانچوں کو مسمار کیا۔اس موقع پر خواتین اور مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرئے کئے اور بلڈوزر کے سامنے آئے۔مظاہرین نے بتایا کہ ہم غریب لوگ ہیں ، ہم نے بینکوں سے لون حاصل کرکے یہاں پر تعمیرات کھڑی اور باضابط طورپر کرایہ بھی دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دیہاڑی مزدور ہیں ، سرکارکی جانب سے جو کیا جارہا ہے وہ ہمارے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے۔خواتین نے روتے ہوئے کہاکہ ہم راستے پر آگئے ہیں ،پچھلے بیس برسوں سے یہاں پر رہائش پذیر ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ مال صرف غریبوں کے ڈھانچوں کو مسمار کر رہی ہیں امیروں اور بااثر افراد کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ۔اس موقع پر ایس ڈی ایم سری نگر نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ کاہچرائی اور سٹینڈ لینڈ پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔انہوں نے مقامی لوگوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف چلائی جارہی مہم جاری رہی گی۔

Related Articles