ہندوستان نے جاپان کو دی شکست

راورکیلا، جنوری ۔میزبان ہندوستان نے جمعرات کو کراس اوور میچ میں شکست کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایف آئی ایچ مرد ہاکی ورلڈ کپ 2023 کے کلاسیفکیشن میچ میں جاپان کو 8-0 سے شکست دی۔برسا منڈا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فاتح ٹیم کی جانب سے ابھیشیک (35ویں، 43ویں) اور ہرمن پریت سنگھ (45ویں، 58ویں) نے دو دو گول کئے، جبکہ مندیپ سنگھ (32ویں)، وویک پرساد ساگر (39ویں)، منپریت سنگھ (58ویں) منٹ) اور سکھجیت سنگھ (59ویں منٹ) نے ایک ایک گول کیا۔ہندوستان اب 9ویں سے 12ویں پوزیشن کی درجہ بندی کے میچوں میں ہفتہ کو جنوبی افریقہ کا سامنا کرے گا۔دنیا میں 15 ویں نمبر پر موجود جاپان نے میچ کی مضبوط شروعات دیتے ہوئے مڈفیلڈ میں مخالف کھلاڑیوں کو جکڑ کر ہندوستانی ہاف میں بار بار جگہ بنائی۔ ہندوستان کو میچ کے 11ویں منٹ میں دو پنالٹی کارنر ملے لیکن جاپان کی ڈیفنس لائن نے گیند کو جال تک نہیں پہنچنے دیا۔ راج کمار پال نے دو منٹ بعد جاپان کے گول پر نشانہ لگایا لیکن گول کیپر تاکاشی یوشیکاوا کو عبور نہ کر سکے۔دوسرے کوارٹر کے آغاز میں جاپان نے پنالٹی کارنر حاصل کیا لیکن کرشنا پاٹھک نے انہیں گول کرنے کا موقع نہیں کردیا۔ اس کوارٹر کے پہلے پانچ منٹ میں جاپان کی فارورڈ لائن نے ہندوستان کو پریشان کیا لیکن اس کے بعد ہرمن پریت نے گیند پر زیادہ تر قبضہ برقرار رکھنا شروع کردیا۔ہندوستان کو تیسرے کوارٹر کے شروع ہوتے ہی مندیپ نے پنالٹی کارنر کو تبدیل کرکے میزبانوں کا کھاتہ کھولا۔ ابھیشیک نے تین منٹ بعد ہی فیلڈ گول کر کے میزبان ٹیم کی برتری کو دگنا کر دیا۔ دو گول کی آرام دہ برتری حاصل کرنے کے بعد، ہندوستان نے بلند حوصلہ کے ساتھ جاپان کے خلاف زوردار حملے کئے اور ان کی ڈیفنس لائن کو تہس نہس کردیا۔ وویک نے 39ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو ہرمن پریت کی مدد سے گول میں تبدیل کیا جبکہ ابھیشیک نے تیسرے کوارٹر کے اختتام سے قبل فیلڈ گول کر کے ہندوستان کی برتری کو 4-0 کر دیا۔آخری کوارٹر شروع ہوتے ہی ہرمن پریت نے بھی گیند کو جاپانی جال میں پہنچاتے ہوئے میچ کا اپنا پہلا گول کیا۔ میچ میں صرف تین منٹ باقی تھے، من پریت، ہرمن پریت اور سکھجیت نے ایک ایک گول کرکے ہندوستان کی جیت کا فرق بڑھا دیا۔مردوں کی ہاکی میں ہندوستان نے جاپان کو 27ویں بار شکست دی ہے۔ جاپان اب 13ویں سے 16ویں پوزیشن کے درجہ بندی کے میچ میں ملائیشیا کا سامنا کرے گا۔

Related Articles