ہندوستان نے سری لنکا کو 215 رنوں پر سمیٹا

کولکاتہ، جنوری۔ ہندوستان نے کلدیپ یادو (51/3) اور محمد سراج (30/3) کی عمدہ گیند کی بدلوت سری لنکا کو دوسرے ایک روزہ میچ میں جمعرات کو 215 رنوں پر آل آؤٹ کر دیا۔ہندوستان کو یہ میچ جیت کرسیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کے لیے 50 اوورز میں 216 رنز درکار ہیں۔سری لنکا کی جانب سے اپنا ڈیبیو کرنے والے نوانیڈو فرنانڈو نے اپنے پہلے ہی میچ میں نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 63 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 50 رن بنائے، جبکہ کوسل مینڈس نے 34 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 34 رنوں کا تعاون کیا۔ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے کے بعد سری لنکا نے اچھی شروعات کی۔ محمد سراج کی گیندپر اوشکا فرنانڈو (17 گیند، چار چوکے، 20 رنز) کے بولڈ ہونے کے بعد بھی فرنانڈو اور مینڈس نے اننگ کی رفتار کو رکنے نہیں دیا اور پاور پلے میں 51 رنزجوڑ لئے۔فرنانڈو نے 12ویں اوور میں عمران ملک کو دو چوکے لگا کر اننگ کی رفتار میں اضافہ کیا، جبکہ مینڈس نے دواوور بعدعمران کی شارٹ گیند پرچھکا لگایا۔ فرنانڈو مینڈس نے دوسرے وکٹ کے لیے 73 رنز جوڑے۔ سری لنکا کو مضبوط پوزیشن سے نکالنے کے لیے ہندوستان کو وکٹوں کی ضرورت تھی اور کپتان روہت شرما نے گیند اسپنرز کے حوالے کر دی۔ کلدیپ نے اپنے پہلے ہی اوور میں مینڈس کا وکٹ نکالا، جبکہ اکشر پٹیل نے اگلے اوور میں دھننجے ڈی سلوا کو صفر پر پویلین کا راستہ دکھایا۔ فرنینڈو نے اننگ کی 62 ویں گیند پر اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن اگلی ہی گیند پر رن ​​آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کلدیپ نے چریت اسلانکا (15) اور کپتان داسن شاناکا (2) کو آؤٹ کرکے سری لنکا کے مڈل آرڈر کی کمر توڑ دی۔صرف 24 رن کے وقفے میں پانچ وکٹ گرنے کے سبب سری لنکا مشکل میں پڑ گیا۔ وانندو ہسرنگا (17 گیند، تین چوکے، ایک چھکا، 21 رن) اور چمیکا کرونارتنے (25 گیند، تین چوکے، 17 رن) نے کچھ اچھے شاٹس کھیلے لیکن عمران کی رفتار کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ عمران نے نچلے آرڈر کے دونوں بلے بازوں کو بیک ورڈ پوائنٹ پر کھڑے اکشر پٹیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔آخر میں، ڈونتھ ویلالگے اور کاسن راجیتا نے نویں وکٹ کے لیے 38 رنز کی شراکت داری کرکے سری لنکا کو 215 رنز تک پہنچا دیا۔ راجیتھا 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سراج نے 40ویں اوور کی تیسری اور چوتھی گیند پر ویلالگے (32) اور لہیرو کمارا کو آؤٹ کر کے سری لنکا کی اننگز کا خاتمہ کیا۔سراج نے اپنے 5.4 اوور میں 30 رنز دے کر تین وکٹ لیے۔ کلدیپ نے 10 اوور میں 51 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عمران کو دو اور اکشر کو ایک وکٹ ملا۔

Related Articles