پاکستان نے سلامی بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کے خلاف 331 رن بنائے
راولپنڈی، دسمبر۔ پاکستان نے سلامی بلے باز امام الحق اور عبداللہ شفیق کی سنچریوں کی بدولت انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنا لیے ہیں۔راولپنڈی میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان نے 181 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو عبداللہ 89 اور امام 90 رنز پر کھیل رہے تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ وہیں سے جوڑتے ہوئے ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی اور جلد ہی اپنی، اپنی سنچریاں مکمل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 225 رنز کی شراکت قائم کی اور انگلینڈ کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب عبداللہ شفیق 114 رنز بنانے کے بد وِل جیکس کی وکٹ بن گئے، ان کی اننگز میں 13 چوکے اور تین چکے شامل تھے۔امام الحق سے ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہو سکی اور وہ مجموعی اسکور میں 20 رنز کے اضافے کے بعد 15 چوکوں اور دو چھکوں سے مزین 121 رنز کی اننگز تراشنے کے بعد جیک لیچ کو وکٹ دے بیٹھے۔بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر اظہر علی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور بابر کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 45 رنز جوڑنے کے بعد جیک لیچ کی دوسری وکٹ بن گئے۔اس وقت کپتان بابر اعظم اور پہلا میچ کھیلنے والے سعود شکیل وکٹ پر موجود ہیں، بابر نے نصف سنچری مکمل کر لی ہے اور پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنائے ہیں۔یاد رہے کہ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں چار کھلاڑیوں کی سنچریوں کی بدولت رنز کا پہاڑ کھڑا کرتے ہوئے 657 رنز بنائے تھے۔