کوسٹا ریکا کے ہاتھوں جاپان کی شکست
الریان (قطر)، نومبر ۔ کوسٹاریکا نے اپنے پہلے میچ میں اسپین کے ہاتھوں 7-0 کی عبرتناک شکست کا سامنا کرنے کے بعد اتوار کے روز فیفا ورلڈ کپ 2022 کے گروپ- ای کے میچ میں جاپان کو 1-0 سے شکست دے کر پھر سے واپسی کی ہے۔احمد بن علی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوسٹاریکا کی جانب سے کیشر فلر (81ویں منٹ) نے گول کیا۔ جرمنی کو 2-1 سے شکست دے کر ایک بڑا لٹ پھیر کرنے والے جاپان نے یہاں بھی مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیا، لیکن فلر کا آخری لمحات میں کیا گیا گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔میچ کے ابتدائی 80 منٹ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے کئی ناکام کوششیں کی گئیں۔ آفیشل ٹائم میں صرف نو منٹ باقی تھے، جب فلر نے جاپان کے باکس کے قریب یولسٹن تیجیڈا سے پاس لیا اور گول کی طرف شاٹ لگائی، اور گیند گول کیپر شوچی گونڈا سے گزر کر جال میں چلی گئی۔کوسٹاریکا گروپ- ای کے دو میچوں میں تین پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ جاپان اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ گول شمار کی بنیاد پر دوسرے نمبر پر ہے۔