جِم میں فنکاروں کی اموات کیوں ہورہی ہیں؟ سنیل شیٹی نے وجہ بتا دی
ممبئی،نومبر۔بالی ووڈ کے ماضی کے سْپر ہیرو سنیل شیٹی نے فنکاروں کی جِم میں ورزش کے دوران اموات کی وجہ بتا دی۔انڈسٹری کے فٹ اداکاروں میں شمار کئے جانے والے سنیل شیٹی نے حالیہ دنوں میں بالی ووڈ کے متعدد فنکاروں کی جِم میں اموات کے راز سے پردہ اْٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ’ورزش نہیں بلکہ مسئلہ اْن سپلیمنٹس میں ہے جو فنکار استعمال کرتے ہیں‘۔سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ ’سپلیمنٹس اورا سٹیرائڈز جو فنکار استعمال کرتے ہیں وہ ان کی موت کا سبب بن رہا ہے یہ ہارٹ فیل ہے نہ کہ ہارٹ اٹیک‘۔انہوں نے کہا کہ ’صحیح کھانا اور سونا یہ تمام چیزیں صحت بہتر کرنے میں کردار ادا کرتی ہیں صحیح کھانے سے میرا مطلب پرہیز کرنا نہیں ہے۔ صحیح کھانے سے میرا مطلب ہے غذائیت، غذائیت کا صحیح ہونا ضروری ہے‘۔سنیل شیٹی نے سوال اْٹھایا کہ کیا جم مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں؟ کیا وہ اپنے گاہکوں کو سخت مشقوں اور مشینوں پر لگانے سے پہلے کوئی چیک اور بیلنس کرتے ہیں؟یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت میں فنکاروں کی جِم میں ورزش کے دوران اموات نے سب کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، انڈسٹری کی مشہور شخصیات جیسیسدھارتھ شکلا، راجو شریواستو، سدھانت سوریاونشی سمیت سلمان خان کے 50 سالہ باڈی ڈبل ساگر پانڈے کی جم ورزش کے دوران ہارٹ اٹیک سے موت ہوئی۔جبکہ ساؤتھ فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار پونیتھ راجکمار بھی 2021 میں جِم میں ورزش کے دوران ہارٹ اٹیک کے باعث انتقال کر گئے تھے۔