سیریز کیلئے تیار اور پرجوش تھے، منسوخی سے مایوسی ہوئی، ثقلین
راولپنڈی ،ستمبر. پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ ہم سیریز کیلئے پرجوش اور تیار تھے۔ سیریز کی منسوخی سے ہر کسی کو مایوسی ہوئی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہماری حکومت نے کھلاڑیوں کیلئے بہترین حفاظتی اقدامات کئے تھے۔ ٹیسٹ فاسٹ بولر حسن علی نے کہا کہ یہ سوچ کر میں اور زیادہ افسردہ ہو رہا ہوں کہ ہمارے فینز کتنے اپ سیٹ ہوں گے دنیا سے میں یہی کہوں گا کہ ہمارا ملک کرکٹ کے لئے محفوظ ہے، پرستاروں کی افسردگی کو خوشیوں میں بدلیں گے۔ ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود کا کہنا ہے کہ پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ واپس لانے کے لئے بڑی کوششیں کیں۔ ماضی میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کا ہمیں بہت نقصان ہوا اس سے ہم پھر پیچھے جا سکتے ہیں عین وقت پر اس فیصلے سے بہت مایوسی ہوئی ہے۔ وقار یونس نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی سیریز کا عین وقت پر ختم ہونا افسوسناک ہے، آج کا دن پاکستان کرکٹ کے لئے بدقسمت ہے سیکیورٹی کے حوالے سے کسی کو توقع نہیں تھی کہ یہ فیصلہ ہو گا۔ پاکستان کے حالات اچھے تھے، سمجھ سے باہر ہے سیکیورٹی کا مسئلہ کہاں سے آ گیا دعا ہے یہ سیکیورٹی الرٹ صرف الرٹ ہی رہے اور پہلے کی طرح پاکستان میں کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رہیں۔ پچھلے دو سالوں میں کوویڈ کا ہی ایشو رہا۔بدقسمتی ہے میچ سے کچھ لمحات پہلے سیریز ختم کر دی گئی۔ سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ اور باوقار ملک ہے، نیوزی لینڈ کا سیریز ملتوی کرنا پوری قوم کیلئے مایوسی کی خبر ہے۔