پیسٹری شیف کا کارنامہ، چاکلیٹ سے دوربین تیار کرڈالی
پیرس،نومبر۔سائنسدانوں کی جانب سے خلا میں ہونے والی تبدیلیوں اور نئی تخلیقات کا پتا لگانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ٹیلی اسکوپ تیار کی جارہی ہے لیکن کیا آپ نے کبھی چاکلیٹ سے تیار شدہ ٹیلی اسکوپ دیکھی ہے؟اگر نہیں دیکھی تو اب دیکھ لیں، حال ہی میں چاکلیٹ سے تیار شدہ ٹیلی اسکوپ فرانسیسی شیف کا کارنامہ ہے، فرانس سے تعلق رکھنے والے پیسٹری شیف اموری گیچون نے چاکلیٹ کو منفرد انداز میں استعمال کرتے ہوئے ایک زبردست ٹیلی اسکوپ تیار کی ہے۔آپ بھی سوچ کر حیران ہوں گے کہ ایک شیف ٹیلی اسکوپ کیسے تیار کرسکتا ہے تو جناب ایسا ہی ہے، اموری نے اپنے ہنر کا استعمال کرتے ہوئے مہارت سے چاکلیٹ ٹیلی اسکوپ تیار کی ہے جو دیکھنے میں آنکھوں کو دھوکا دے سکتی ہے۔حقیقت کا گمان دینی والی اس ٹیلی اسکوپ کی تیاری کیلئے پہلے چاکلیٹ کے الگ الگ پرزے بنائے گئے ، پھر انہیں ایک ساتھ جوڑ تے ہوئے ان پر گولڈن رنگ کیا گیا، بعد ازاں شیف نے ٹیلی اسکوپ کا لینس بھی تیار کیا۔شیف کی جانب سے اس ویڈیو کو اپنے سوشل اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا گیا ہے جس کے کیپشن میں اموری نے لکھا ’ چاکلیٹ ٹیلی اسکوپ! اپنے پڑوسی کی جاسوسی کے لیے بہترین ناشتہ۔’شیف کی اس ویڈیو پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں۔واضح رہے اس سے قبل بھی فرانسیسی شیف چاکلیٹ کی مدد سے مختلف فن پارے بنا چکے ہیں۔