پوپ فرانسس: ہمیں امن کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے

منامہ،نومبر۔بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ خلیفہ نے پوپ فرانسس اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کے لیے ایک سرکاری استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا۔ پاپائے روم مشرق اور مغرب کے درمیان مذاکرات کے فورم میں شرکت کے لیے مملکت کا دورہ کر رہے ہیں۔اس موقعے پر شاہ خلیفہ نے کہا کہ پوپ فرانسس کا بحرین کا دورہ تاریخی ہے۔ ہم توحیدی مذاہب کے درمیان مکالمے اور رابطے کو فروغ دینے میں پوپ فرانسس کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔ امن اور بقائے باہمی کے مستقبل کی امید کرنے کا ہمارا واحد راستہ امن ہے۔ہم بڑی طاقتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے اور روسی یوکرین جنگ کو روکنے کے لیے کام کریں۔ملاقات کے موقعے پر پاپائے روم پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ بحرین ایک متحرک ملک ہے۔ بحرین ہمیشہ سے دنیا بھر کے مختلف لوگوں کے درمیان ملاقاتوں اور رابطے کی جگہ رہا ہے۔ پاپولزم اور انتہا پسندی سے ہر ایک کو خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تہذیبوں، مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان تصادم کے خطرات کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے مل کرکام کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ میں بحرین کی طرف سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنسوں اور ملاقات کے مواقع کو سراہتا ہوں۔ خاص طور پر باہمی احترام اور رواداری کے اصولوں کو سراہتا ہوں۔خیال رہے کہ پاپائے روم گذشتہ روز بحرین کے سرکاری دورے پرمنامہ پہنچے تھے۔

 

Related Articles