شاہ رخ خان کا 57ویں سالگرہ پر مداحوں کو تحفہ
ممبئی،نومبر۔بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے دو نومبر کو اپنی 57ویں سالگرہ کے موقع پر فلم ‘پٹھان’ کا آفیشل ٹیزر ریلیز کر کے مداحوں کو تحفہ دیا ہے۔’یش راج فلمز’ کے بینر تلے بننے والی فلم ‘پٹھان’ کے ذریعے شاہ رخ خان چار برس بعد دوبارہ بڑی اسکرین پر نظر آئیں گے۔بدھ کو جاری ہونے والے ‘پٹھان’ کے ٹیزر سے ظاہر ہورہا ہے کہ یہ ایکشن، فائٹ اور سنسنی سے بھرپور فلم ہوگی۔ ٹیزر میں شاہ رخ خان کہتے ہیں کہ "اپنی کرسی کی پیٹی باندھ لیجیے، موسم بگڑنے والا ہے۔”‘پٹھان’ 25 جنوری 2023 کو ہندی، تامل اور تیلگو زبان میں ریلیز کی جائے گی۔فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ انند نے دی ہے جب کہ فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم ایکشن میں نظر آئیں گے۔شاہ ر خ خان اس سے قبل اداکارہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ ‘اوم شانتی اوم’، ‘چنائی ایکسپریس’ اور ‘ہیپی نیو ایئر’ میں ساتھ کام کر چکے ہیں۔شاہ رخ خان کے چاہنے والے ان کی نئی فلم کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ ‘پٹھان’ کے آفیشل ٹیزر کی ریلیز کے بعد بھارت اور پاکستان کے ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ‘پٹھان ٹیزر’ ٹرینڈ کر رہا ہے۔فلمی تجزیہ کار سمت کڈل کا کہنا ہے کہ "ٹیزر سے ایسا لگ رہا ہے کہ یہ بالی وڈ کی سب سے بڑی ایکشن فلم ثابت ہوگی۔”ٹیزر پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے اتل تیواری کہتے ہیں کہ "کنگ خان نے اپنی سالگرہ پر واقعی مداحوں کو ایک زبردست سرپرائز گفٹ دیا ہے، وہ پٹھان دیکھنے کے منتظر ہیں۔”فیروز نامی صارف نے ‘پٹھان’ کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا "کنگ از بیک۔”فلمی تجزیہ کار ہمیش کہتے ہیں "آ گیا پٹھان، شاہ رخ خان واپس آ گیا۔”اتل موہن نے ٹوئٹ کیا کہ "خاص دن کا خاص سپرائز۔”ٹوئٹر صارفین جہاں ‘پٹھان’ کے آفیشل ٹیزر کی تعریف کر رہے ہیں وہیں یوگیش نامی صارف نے فلم میں استعمال ہونے والے ویڑول ایفکٹس پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے ‘پٹھان’ کو فلم ‘وار’ کی کاپی قرار دیا۔یاد رہے کہ شاہ رخ خان آخری بار سال2018 میں فلم ‘زیرو’ میں نظر آئے تھے۔ ‘زیرو’ میں شاہ رخ خان کے ساتھ اداکارہ کترینہ کیف اور انوشکا شرما نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے تاہم یہ فلم باکس آفس پر کامیابیاں سمیٹنے میں ناکام رہی تھی۔