گجرات میں انتخابات کے شیڈول کا اعلان
اسمبلی انتخابات کے لیے پولنگ دو مرحلوں میں یکم اور 5 دسمبر کو ہوگی
نئی دہلی، نومبر۔گجرات اسمبلی انتخابات کے لیے پولنگ دو مرحلوں میں یکم اور 5 دسمبر کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو کی جائے گی۔چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں گجرات میں انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی گجرات، سوراشٹرا اور شمالی گجرات کے کچھ حصوں میں 89 سیٹوں پر یکم دسمبر کو اور وسطی گجرات اور شمالی گجرات کی باقی 93 سیٹوں پر 5 دسمبر کو پولنگ ہوگی۔ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی اور ووٹنگ کا عمل 10 دسمبر کو مکمل ہوگا۔واضح رہے کہ 12 نومبر کو ہونے والے ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی بھی 8 دسمبر کو ہوگی۔مسٹر راجیو کمار نے کہا کہ پہلے مرحلے کی پولنگ کا نوٹیفکیشن 5 نومبر کو جاری کیا جائے گا۔ نامزدگی کی آخری تاریخ 14 نومبر اور نام واپس لینے کی تاریخ 17 نومبر ہوگی۔ بیلٹ کی جانچ پڑتال 15 نومبر کو ہوگی۔ دوسرے مرحلے کا نوٹیفکیشن 10 نومبر کو جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 17 نومبر اور نام واپس لینے کی تاریخ 21 نومبر ہوگی۔ بیلٹ کی جانچ پڑتال 18 نومبر کو ہوگی۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس بار گجرات اسمبلی انتخابات میں پہلی بار تین لاکھ 24 ہزار 422 نئے ووٹر ووٹ ڈالیں گے۔ پولنگ اسٹیشنز کی کل تعداد 51 ہزار 782 ہے۔ ریاست میں قائم کم از کم 50 فیصد پولنگ اسٹیشنوں پر ویب کاسٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ ریاست میں ووٹروں کی کل تعداد 4.9 کروڑ ہے۔ ریاست میں 142 آدرش پولنگ اسٹیشن ہوں گے۔ معذور افراد کے لیے 182 پولنگ اسٹیشنز اور خواتین کے لیے 1274 پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے۔