حکومت گجرات حادثے کی تحقیقات کرے: کھڑگے
نئی دہلی، اکتوبر۔کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے گجرات حادثہ کو سنگین واقعہ قرار دیتے ہوئے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔مسٹر کھڑگے نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں زبردست لاپرواہی ہوئی ہے اورسپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج سے تحقیقات کرائی جانی چاہئے۔ انہوں نے سوال کیا کہ یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ جب حال ہی میں اس پل کی مرمت ہوئی ہے تو پھر یہ حادثہ کیسے ہوا؟انہوں نے کہا کہ یہ بھی بڑا سوال ہے کہ جب یہ پل بہت پرانا تھا تو پھر ایک ہی وقت میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو اس پر جانے کی اجازت کس نے دی، اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حادثے کے تمام قصورواروں کوسزا دینا بہت ضروری ہے۔مسٹر کھڑگے نے متاثرین کے اہل خانہ کو راحت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کریں۔قابل ذکرہے کہ گجرات کے موربی میں اتوار کی رات مچھو ندی پر بنے پرانے کیبل پل کے اچانک گرنے سے حادثے میں 100 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثے کے وقت پل پر 400 سے زیادہ لوگ موجود تھے۔