ٹکنالوجی اور ٹیلنٹ ہندوستان کی ترقی کے سفر کی کلیدہیں
وزیراعظم کا ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ جیو اسپیٹل انٹرنیشنل کانگریس سے خطاب
حیدرآباد۔ اکتوبر ۔وزیراعظم مودی نے انتودیا کے ویثرن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس ویژ ن کامطلب مشن طریقہ کار کے ذریعہ آخری فرد کو تک کو بااختیار بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سرپرستی میں تنظیمی سطح پر بحران کے دوران ایک دوسرے کی مدد کا کام کیاجانا چاہئے۔وزیراعظم نے ویڈیوکانفرنس کے ذریعہ ایچ آئی سی سی حیدرآباد میں منعقدہ جیو اسپیٹل انٹرنیشنل کانگریس میں شرکت کی۔انہوں نے اس موقع پر دیہی ہندوستان کو بینک انشورنس سے جوڑنے کے سلسلہ میں ہندوستان کی ترقی پر بھی اظہار خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ 450ملین ایسے افراد جن کی ہنوز بینک تک رسائی نہیں ہوپائی ہے، کی آبادی امریکہ سے بڑھ کر ہے۔ان تمام کو بینکنگ تک لایاگیا ہے اور 135ملین افراد جو فرانس کی آبادی کے دوگنے ہیں کو انشورنس فراہم کیاگیا۔وزیراعظم نے کہاکہ تقریبا 110ملین خاندانوں کو سینی ٹیشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور تقریبا 60ملین خاندانوں کو پانی کے کنکشنس فراہم کئے گئے ہیں۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہاکہ ہندوستان اس بات کو یقینی بنارہا ہے کہ کوئی بھی اس معاملہ میں پیچھے نہ رہ پائے۔انہوں نے کہاکہ پی ایم سوامترا یوجنا اس بات کی مثال ہے کہ کس طرح ڈیجیٹلائزیشن سے عوام کو فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم مواضعات میں جائیدادوں کی میپنگ کیلئے ڈرونس کا استعمال کررہے ہیں اور یہ مواضعات پراپرٹی کارڈس حاصل کررہے ہیں۔یہ کہتے ہوئے کہ ٹکنالوجی اور ٹیلنٹ دو ستون ہیں جو ہندوستان کی ترقی کے سفر کی کلید ہیں انہوں نے کہاکہ ٹکنالوجی کے ذریعہ تبدیلی لائی جاتی ہے۔ایک چھوٹا تاجر بھی ڈیجیٹل ادائیگی کو ترجیح دے رہا ہے۔اس سے کوویڈ19کے دوران غریبوں کو کافی مدد ملی ہے۔کئی دہائیوں میں پہلی مرتبہ دیہی عوام کے پاس اپنی ملکیت کے واضح دستاویزات مل پائے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان، دنیا کے سرکردہ اسٹارٹ اپ ہب میں سے ایک ہے۔سال 2021سے ہم نے یونی کارن اسٹارٹ اپس کی تعداد کو دوگنا کیا ہے۔وزیراعظم نے تمام مندوبین کا استقبال کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان کے عوام کو اس تاریخی موقع پر میزبانی پرفخرمحسوس ہورہا ہے کیونکہ ہم اپنا مستقبل مل کر بنائیں گے۔حیدرآباد میں اس طرح کی کانفرنس پر مسرت کا اظہارکرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ یہ شہر اپنی ثقافت،کھانوں، مہمان نوازی اور ہائی ٹیک ویثرن کیلئے مشہورہے۔وزیراعظم نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ اس کانفرنس کا موضوع ”جیو سے مربوط عالمی موضع: کوئی بھی پیچھے نہیں رہنا چاہئے“کو گذشتہ چند برسوں کے دوران ہندوستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات میں دیکھاجاسکتا ہے۔