پورنو گرافی کیس، شلپا شیٹی کے شوہر نے سی بی آئی کو خط لکھ دیا
ممبئی ،اکتوبر۔ بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا نے پورنو گرافی کیس میں سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بے گناہ ہیں، ان پر کیس ایک کاروباری شخصیت نے ذاتی انتقام کیلئے پولیس سے ساز باز کرکے بنوایا، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے خلاف پورنو گرافی کیس کی سی بی آئی خود تحقیقات کرے۔نیوز 18 کے مطابق راج کندرا نے اپنے خط میں کہا ہے کہ جس ایپ کی بنا پر ان کے خلاف کیس بنایا گیا ہے وہ ان کے بہنوئی کی ہے، ممبئی پولیس نے چار ہزار صفحات کی جو چارج شیٹ جمع کروائی اس میں بھی ان کا نام نہیں ہے، ان کے خلاف جس شخص نے گواہی دی اس پر دباؤ ڈالا گیا تھا اور وہ اس بات کو ثابت کرسکتے ہیں۔راج کندرا نے کہا کہ وہ جھوٹے کیس میں 63 دن جیل میں رہے، ایک سال سے ان کا میڈیا ٹرائل جاری ہے لیکن وہ خاموش رہے، ان کا مطالبہ ہے کہ ان بدعنوان افسران کے خلاف کارروائی کی جائے جنہوں نے ان کے خلاف جھوٹا کیس بنایا۔