بھارتی اداکار جیتو گپتا کا جواں سال بیٹا چل بسا
ممبئی ،اکتوبر۔بھارتی ٹیلی ویڑن کے معروف اداکار جیتو گپتا کے 19 سالہ بیٹا چل بسا جس کے بعد ساتھی اداکاروں کی جانب سے ان سے اظہارِ تعزیت کیا جارہا ہے۔جیتو گپتا جنہوں نے مشہور بھارتی ٹی وی شو’بھابھی جی گھر پر ہیں‘میں ڈاکٹر گپتا کا کردار ادا کیا ہے، ان کے بیٹے آیوش گپتا کو مبینہ طور پر تیز بخار ہونے پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔جیتو گپتا نے گزشتہ روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے بیٹے کی موت کی خبر دی ہے۔اْنہوں نے اپنے بیٹے کے ہمراہ ایک یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’میری بھاگیا کا ایک پھول مْرجھا گیا‘۔خیال رہے کہ آیوش گپتا جب رواں ہفتے کے آغاز میں وینٹی لیٹر پر تھے تو اداکار نے مداحوں سے بیٹے کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی تھی۔اْنہوں نے اپنے بیٹے کی طبیعت کے ناساز ہونے کی اطلاع اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دی تھی۔اْنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’میرے بیٹے کی حالت تشویشناک ہے اور وہ وینٹی لیٹر پر ہے‘۔اداکار نے مداحوں سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے لکھا تھا کہ’برائے مہربانی میرے بیٹے کے لیے دعا کریں‘۔