سامعین کے دلوں پر راج کر رہے ہیں کمار شانو
ممبئی ستمبر۔اسٹیج سے اپنے کیریئر کا آغاز کرکے شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والے بالی وڈ کے مشہور گلوکار کمار شانو آج بھی سامعین کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔کمار شانوکا اصل نام کیدارناتھ بھٹاچاریہ ہے۔ ان کی پیدائش 22ستمبر 1957/کو کولکتہ میں ہوئی۔ ان کے والد پشوپتی بھٹاچاریہ ایک مشہور موسیقار تھے۔بچپن سے ہی کمار شانو کا رجحان موسیقی کی جانب تھا اور وہ گلوکاری بننے کا خواب دیکھا کرتے تھے۔ان کے والد نے موسیقی کے جانب بڑھتے رجحان کو دیکھتے ہوئے بیٹے کو طبلہ اور گاناسیکھنے کی اجازت دے دی۔کمار شانو نے اپنی گریجویشن کی تعلیم کولکتہ یونیورسٹی سے مکمل کی۔اس کے بعد انہیں کولکتہ کے کئی پروگراموں میں پلے بیک سنگر کی حیثیت سے اپنی کارکردگی پیش کی۔ کشور کمار سے متاثرہونے کی وجہ کمار شانو ان کی آواز میں ہی پروگراموں میں گیت گایا کرتے تھے۔80کی دہائی میں بطور گلوکار بننے کا خواب لے کر وہ ممبئی آ ئے۔ ممبئی آنے کے بعد کمار شانو کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔یقین دہانی تو کئی لوگوں نے کرائی لیکن فلم میں کام کرنے کا موقع نہیں مل پایا۔ اس دوران ان کی ملاقات جانے مانے غزل گلوکار اور موسیقار جگجیت سنگھ سے ہوئی جن کی سفارش پر انہیں فلم آندھیاں میں گانے کا موقع ملا۔سال 1989میں ریلیز فلم آندھیاں کی ناکامی سے کمار شانو کو گہرا صدمہ پہنچا۔اس دوران ان کی ملاقات موسیقار کلیان جی -انند جی سے ہوئی کلیان جی آنند جی نے ان کا نام کیدارناتھ بھٹاچاریہ سے بدل کر کمار شانورکھ دیا اور انہیں امیتابھ بچن کی فلم جادوگر میں گانے کا موقع دیا۔کمار شانو کی قسمت کا ستارہ سال 1990میں آئی فلم عاشقی سے چمکا۔ بہترین گیت موسیقی سے آراستہ اس فلم کی زبردست کامیابی نے اداکار راہل رائے، گیتکار سمیر اور موسیقار ندیم-شرون کو نہ صرف شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا بلکہ کمار شانو کو فلم انڈسٹری میں اپنی ایک منفرد پہنچان بنانے میں مدد گار ثابت ہوئی۔فلم کے سدا بہار نغمات آج بھی ناظرین اور سامعین کو مسحور کر دیتے ہیں۔ندیم-شرون کی موسیقی میں کمار شانو کی آواز سے آراستہ نغمہ سانسوں کی ضرورت ہو جیسے، نظر کے سامنے جگر کے پار..اب تیرے بن جی لیں گے ہم.. دھیرے دھیرے سے میری زندگی میں آنا..میں دنیا بھولا دوں گا تیری چاہت میں،سامعین کے درمیان کافی مقبول ہوئے ان نغموں نے فلم کو سپر ہٹ بنانے میں اہم کردار نبھایا۔فلم عاشقی کی کامیابی کے بعد کمار شانو کو کئی بہترین فلموں کی پیشکش ملنا شروع ہو گئی جن میں سڑک، ساجن، دیوانہ، جادوگر جیسی بڑے بجٹ کی فلمیں شامل تھی۔ان فلموں کی کامیابی کے بعد کمار شانو نے کامیابی کی نئی بلندیوں کو چھو لیا اور ایک سے بڑھ کر ایک گیت گا کر سامعین کو محظوظ کر دیا۔ہندی فلم انڈسٹری میں مسلسل پانچ مرتبہ بہترین گلوکاری کے طور پر فلم فیئر ایوارڈ حاصل کرنے کا ریکارڈ کمار شانو کے نام درج ہے۔ان میں عاشقی (1990) ساجن (1991) دیوانہ (1992) بازیگر (1993)اور 1942اے لواسٹوری (1994)شامل ہیں۔سال 1993میں ایک دن میں 28گانے ریکارڈ کرنے کا ریکارڈ بھی کمار شانو بنا چکے ہیں۔ اس کے لئے ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج کیا گیا۔ہندوستانی سنیما میں ان کی شراکت کو دیکھتے ہوئے 2009میں انہیں ملک کے چوتھے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم شری سے نوازا گیا۔ کمار شانو نے تین دہائیوں سے بھی زیادہ طویل کیریئر میں تقریباً دس ہزار فلمی اور غیر فلمی گانے گائے ہیں۔انہوں نے ہندی کے علاوہ بنگلہ فلموں کے گیتوں کو بھی اپنی آواز دی۔