تمام ایم ایل اے کوآگے آکرلمپی بیماری کو قومی آفت قرار دیئے جانے میں تعاون کرنا چاہئے – گہلوت
جے پور، ستمبر۔راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے اسمبلی کے تمام ممبران سے سیاسی نظریے سے ہٹ کر گائے نسل کوبچانے کے لیے آگے آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگ مل کر مرکزی حکومت سے اس بیماری کو قومی آفت قرار دلانے کا مطالبہ کریں تاکہ اس پر جلد قابو پایا جا سکے۔آج اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسٹر گہلوت نے کہا کہ ریاستی حکومت گائے کی جلد کی بیماری سے جان بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ تمام اضلاع میں بیماری پر موثر کنٹرول کے لیے ضروری وسائل دستیاب کرائے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے گائے کی نسل کے لئے کسی بھی طرح کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بیماری کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت مسلسل مرکزی حکومت سے لمپی مرض کو قومی آفت قرار دینے کا مطالبہ کر رہی ہے اور تمام اراکین اسمبلی سیاسی نظریے سے ہٹ کر گائے کو بچانے کے لیے آگے آئیں اورسب مل کر مرکزی حکومت سے اس بیماری کو قومی آفت قرار دینے کا مطالبہ کریں تاکہ اس بیماری پر جلد سے جلد قابو پایا جا سکے۔ مسٹرگہلوت نے کہا کہ بیماری کی روک تھام کے لئے ضروری ویکسین اوردوائیوں کی فراہمی یقینی بنانا مرکزی حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔ اس کے لیے اپوزیشن ارکان تعاون کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا لمپی جلد کی بیماری سے بچاؤ کے لیے گزشتہ 15 اگست کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر آل پارٹیز اجلاس بلا کر تفصیلی بات چیت کی گئی تھی۔ اس میں مختلف جماعتوں کے عوامی نمائندوں، مذہبی رہنماؤں، رضاکارانہ تنظیموں، گئوشالہ چلانے والوں، مویشی پالنے والوں اور ماہرین وغیرہ سے لمپی بیماری کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ سب نے متفقہ طور پر اسے ایک سنگین معاملہ قرار دیا۔ اس لیے ہم سب کو چاہیے کہ سیاسی اختلافات بھلا کر اس مرض کو قومی آفت قرار دیئے جانے کے لئے کوشش کرنی چاہیے۔مسٹرگہلوت نے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران بھی ہم نے مسلسل ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگیں کیں۔ تمام عوامی نمائندوں، مذہبی رہنماؤں، رضاکار تنظیموں، بھاماشاہوں اور عام لوگوں کے تعاون سے کورونا کی وبا پر بھی کامیابی سے قابو پایا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ اب ایک بار پھر ہم سب کو مل کر گائے نسل کومیں پھیلنے والی لمپی جلد کی بیماری سے گایوں کو بچانے کے لئے کوشش کرنی چاہیے۔