سعودی ولی عہدکاجاپانی وزیراعظم سے ویڑن2030 کے تحت دوطرفہ تعلقات کے فروغ پرتبادلہ خیال

ریاض/ٹوکیو،ستمبر ۔ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا کے ساتھ ایک فون کال میں سعودی جاپان ویڑن 2030 کے فریم ورک کے تحت دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔سعودی وزارت خارجہ (ایم او ایف اے) نے ایک بیان میں کہا کہ کال کے دوران میں دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔جاپان کی وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم فومیو نے خام تیل کی منڈی کو مستحکم کرنے میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار سے اپنی پختہ توقعات کا اظہار کیا ہے۔طرفین نے خام تیل کی مارکیٹ کو مستحکم کرنے میں تعاون کو مزید فروغ دینے،صاف توانائی کے استعمال اور فروغ کے ذریعے کاربن غیرجانبداری کی جانب کام کرنے پر اتفاق کیا۔بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جاپان سعودی ویڑن 2030 کی شراکت داری کو مزید مستحکم کرتے رہیں گے۔اس ضمن میں وہ سربراہ اجلاس اور وزارتی سطح کے اجلاس منعقد کریں گے اور دورے کریں گے۔وزیراعظم فومیو کے حوالے سے بیان میں کہا گیا کہ جاپان ایک تزویراتی شراکت دارکی حیثیت سے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔سعودی ولی عہد نے گفتگو میں سابق وزیر اعظم شنزو آبے کی وفات پرایک بار پھر تعزیت کا اظہار کیا۔جولائی میں سعودی عرب نے جاپان کے سابق وزیراعظم آبے کے’’بزدلانہ قتل‘‘کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی اور ان کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہارکیا اور انہیں مملکت کا حقیقی دوست قرار دیتے ہوئے انھیں خراج عقیدت پیش کیا تھا۔سعودی عرب نے بین الاقوامی سطح پر آبے کے بطور رہ نما اور’’مملکت کے دوست کے طور پر ان کے اہم کردار‘‘کا اعتراف کیا تھا۔سابق جاپانی وزیر اعظم نے جنوری 2020 میں سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا تھا۔اس موقع پرانھوں نے الریاض میں سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی تھی۔بعد ازاں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی قدیم صحرائی شہرالعلاء میں وزیراعظم آبے سے بات چیت کی تھی۔اس میں سعودی جاپانی ویڑن 2030 کے مطابق تعاون کے مختلف پہلوؤں سمیت اقتصادی، تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔جولائی میں سعودی عرب کے وزی خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے جاپانی ہم منصب یوشیماسا حیاشی سے ٹوکیو میں ملاقات کی تھی اور ان سے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کی تھی۔یادرہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 1955ء میں سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے۔ سعودی عرب جاپان کو خام تیل مہیا کرنے والا سب سے اہم ملک ہے اور جاپان تجارت اور سرمایہ کاری میں سعودی عرب کے بہت سے اہم شراکت داروں میں سے ایک ہے۔

 

 

Related Articles