شاہ رخ خان کی فلم ’براہمسترا‘ میں خصوصی انٹری کی انٹرنیٹ پر دھوم

ممبئی،ستمبر۔بھارتی فلم انڈسٹری کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلم ’براہمسترا‘ میں خصوصی انٹری دیکھ کر فلمی مداح دنگ رہ گئے۔ہدایت کار آیان مکھرجی کی فلم ’براہمسترا‘جس میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، شاہ رخ خان نے اس فلم میں موہن بھارگو کے کردار میں خصوصی انٹری دی ہے۔فلم میں شاہ رخ خان کی اس خصوصی انٹری کو بہت پسند کیا جا رہا ہے اور دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ٹوئٹر پر موجود بھارتی صارفین کا کہنا ہے کہ فلم ’براہمسترا‘ میں شاہ رخ خان نے جس کردار میں انٹری دی ہے، یہ کردار ہدایت کار آشوتوش گواریکا کی 2004ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’سودیس‘ کے موہن بھارگو نامی کردار سے جڑتا ہے۔یاد رہے کہ 2004ء میں شاہ رخ خان نے فلم ’سودیس‘میں ناسا کے موہن بھارگو نامی ایک ملازم کا کردار ادا کیا تھا جبکہ فلم ’براہمسترا‘ میں، وہ موہن بھارگو نامی ایک سائنسدان کا کردار ادا کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں جو اضافی طاقت رکھنے والی برہمانچ خفیہ برادری کا رکن بھی ہے۔اس کے علاوہ کچھ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کی فلم میں خصوصی انٹری بہت جاندار تھی اور اْنہوں نے فلم صرف شاہ رخ خان کی وجہ سے ہی دیکھی ہے۔اس فلم کو 9 ستمبر کو دنیا بھر میں تیلگو، تامل، ملیالم، اور ہندی سمیت متعدد زبانوں میں ریلیز کیا گیا ہے۔فلم ’براہمسترا‘ ایک ساتھ سب سے زیادہ اسکرینز پر ریلیز ہونے والی اب تک کی پہلی بھارتی فلم ہے، اسے دنیا بھر میں 8000 اسکرینز پر ریلیز کیا گیا ہے۔

Related Articles