راج کپور میرے کندھے پر سر رکھ کر رو پڑے تھے، منوج کمار
ممبئی،ستمبر۔بالی ووڈ کے ماضی کے عظیم اداکار اور فلمساز و پروڈیوسر راج کپور اور اپنے وقت کے ایک اور بڑے اداکار منوج کمار نے 1970 کی فلم میرا نام جوکر میں ایک ساتھ کام کیا۔اس حوالے سے ایک پرانے انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ راج کپور اور ان کے درمیان کچھ غلط فہمی پیدا ہوگئی تھی جس پر راج کپور ان کے کندھے پر سر رکھ کر رو پڑے تھے۔ یاد رہے کہ راج کپور کا 1988 میں دمہ کی بیماری کے سبب انتقال ہوگیا تھا۔منوج کمار کے مطابق راج صاحب یہ محسوس کررہے تھے کہ میں انہیں نظر انداز کررہا ہو، اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے مطابق ایک بار انہوں نے مجھے فون کیا تو میں نے غصے میں رانگ نمبر کہہ کر فون بند کردیا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ جب راج کپور نے فون کیا تھا تو میں ممبئی میں شوٹنگ میں مصروف تھا اور میں نے فون اٹھایا ہی نہیں تھا۔پھر جب راج صاحب نے شکایت کی تو میں نے اس حوالے سے اپنی وضاحت ان کے سامنے پیش کی، ہماری یہ ملاقات موسیقار شنکر جے کشن کی رہائش گاہ پر ہوئی تھی۔میں نے کہا کہ نہ تو میں اور نہ ہی میری اہلیہ ششی انہیں ذہنی تکلیف دے سکتے ہیں اور جب میں نے اس سے قبل ریگل تھیٹر دہلی میں پیش آنے والے واقعہ کے بارے میں بتایا تو وہ میرے کندھے پر سر رکھ رو پڑے۔