دہلی کو جلد ہی ٹریفک جام سے آزادی ملے گی: کیجریوال
نئی دہلی، ستمبر۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے منگل کو کہا کہ شہر کے باشندوں کو ٹریفک جام سے نجات دلانے کے لیے پورے شہر میں 77 ٹریفک ہاٹ اسپاٹ کو جام سے پاک کیا جائے گا۔مسٹر کیجریوال نے آج نائب وزیر اعلیٰ اور پی ڈبلیو ڈی کے وزیر منیش سسودیا اور محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی اور دہلی کو جلد از جلد جام سے نجات دلانے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا، "دہلی حکومت پورے شہر میں ٹریفک کے 77 ہاٹ اسپاٹ کو جام سے پاک بنائے گی۔ ہم سڑکوں کو نئے سرے سے ڈیزائن کریں گے اور بڑے پیمانے پر فلائی اوور، انڈر پاس اور فٹ اوور برج بنائیں گے تاکہ دہلی کے لوگوں کو ٹریفک جام سے آزاد کیا جا سکے۔ ان منصوبوں کو مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، "سب سے پہلے زیادہ ٹریفک کے دباؤ والے علاقوں کو جام سے پاک کیا جائے گا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ اقدام دہلی کو ہندوستان اور پوری دنیا میں بہترین قابل رہائش شہر کے طور پر ترقی دینے کی سمت ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ اس پروجیکٹ کے تحت آؤٹر رنگ روڈ، نجف گڑھ روڈ، وزیرآباد روڈ، روہتک روڈ، آنند وہار-اپسرا روڈ سمیت تمام شناخت شدہ کوریڈور کی بہتری سے لاکھوں لوگ مستفید ہوں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے دہلی کو ٹریفک جام سے مکمل طور پر آزاد کرنے کے لیے بے مثال پروجیکٹ شروع کیے ہیں۔ دہلی حکومت نے پوری دہلی میں 77 کوریڈوروں کی نشاندہی کی ہے۔ ان راہداریوں سے ٹریفک کے ہجوم کو کم کرنے کے لیے، ہم سڑکوں کو چوڑا اور نئے سرے سے ڈیزائن کرنے کے ساتھ ساتھ کئی نئے فلائی اوور، انڈر پاسز اور فٹ اوور پل تعمیر کریں گے۔