کے جی ایف 2 بالی ووڈ میں کسی کو بھی پسند نہیں آئی، رام گوپال ورما کا دعویٰ

ممبئی،ستمبر۔بالی ووڈ کے نامور ڈائریکٹر اور فلم ساز رام گوپال ورما نے ایک بار پھر ’کے جی ایف 2‘ پر تنقید کے تیر برسا دیے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رام گوپال ورما نے دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ میں کے جی ایف 2 کسی کو بھی پسند نہیں آئی۔انہوں نے تازہ انٹرویو میں کے جی ایف 2 اور دی کشمیر فائلز پر کھل کر تنقید کی اور کہا کہ بالی ووڈ میں کسی کو بھی یہ فلم پسند نہیں آئی۔رام گوپال ورما نے ایک بڑے فلم ڈائریکٹر کا نام لیے بغیر کہا کہ اْن کا کہنا ہے کہ میں کے جی ایف 5 بار دیکھنے کی کوشش کی لیکن آدھے گھنٹے سے زیادہ نہیں دیکھ سکا۔بالی ووڈ ڈائریکٹر اور فلمساز نے مزید کہا کہ کے جی ایف 2 جیسی فلموں نے فلم نگری کا سب کچھ ختم کردیا ہے۔انہوں نے انٹرویو کے دوران کہا کہ جب آپ کو فلم بالکل بھی پسند نہ آئے اور اْس کی آمدنی کے نمبرز بہت زیادہ ہوں تو آپ ذہنی طور پر الجھ جاتے ہیں اور آپ نہیں جانتے کہ کیا کرنا ہے۔بالی ووڈ ڈائریکٹر نے پہلی بار کے جی ایف 2 پر تنقید نہیں کی بلکہ وہ مئی میں بھی اس حوالے سے متعدد ٹوئٹس کرچکے ہیں، جن میں اسے کالا بادل اور ایسے درخت سے تعبیر کیا تھا، جس کے نیچے کوئی اور درخت نہیں اگ سکتا۔پرشانتھ نیل کی ہدایت کاری میں بننے والی کے جی ایف سیریز ایک یتیم بچے کے غربت سے نکل کر سونے کی کان کا بادشاہ بننے کے سفر پر مبنی ہے، جو 14 اپریل کو ریلیز ہوئی، جسے ناقدین اور فلم بینوں سے زبردست رسپانس ملا تھا۔فلم میں یش، سنجے دت، روینہ ٹنڈن، پرکاش راج سمیت دیگر اداکاروں نے پرفارم کیا ہے۔

Related Articles