پہلی ششماہی میں آئرلینڈ میں 3 لاکھ نئے پرسنل اکاؤنٹس کھولے گئے
لندن۔اگست۔ نئے اعداد و شمار میں پتہ چلا ہے کہ سال رواں کی پہلی ششماہی میں آئرلینڈ میں تقریباً 300000نئے بنک اکائونٹس کھولے گئے بنکنگ اینڈ پیمنٹس فیڈریشن آف آئرلینڈ (بی پی ایف آئی) کے تازہ ترین اعداد و شمار میں انکشاف ہوا ہے کہ اس کے اراکین نے یکم جنوری سے 8جولائی تک تقریباً 297000 پرسنل کرنٹ اکائونٹس کھولے ہیں۔ اوسط ہر ہفتے تقریباً 11000 پرسنل کرنٹ اکائونٹس کھولے گئے۔ جون اور جولائی کے درمیان اکائونٹس کھولنے کی شرح میں اضافہ ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق 8جولائی تک کے چار ہفتوں کے دوران تقریباً 71000 پرسنل کرنٹ اکائونٹس کھولے گئے جو کہ گزشتہ چار ہفتوں کے 56000سے زیادہ ہیں جبکہ یہ تعداد 15 ایرپل کو ختم ہونے والے چار ہفتوں سے دگنی سے بھی زیادہ ہے۔ ان اعداد و شمار سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ السٹر بنک اور کے بی سی کرنٹ اکائونٹس کسٹمرز بنکنگ سروسز کے بغیر رہنے سے بچنے کیلئے بنکوں کو تبدیل کرنے کی ایڈوائس پر عمل کر رہے ہیں۔ کمپیٹیشن اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کمیشن (سی سی پی سی) نے السٹر بنک اور کے بی سی کے کسٹمرز پر زور دیا ہے کہ وہ آنے والے مہینوں میں ایکشن لیں۔ کے بی سی اور السٹر بنک اگلے سال آئرش مارکیٹ میں کام کرنا بند کر دیں گے۔ بی پی ایف آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ چھوڑنے والے بنکوں کے کسٹمرز کارروائی کرتے ہوئے نئے پرووائیڈرز کے ساتھ کرنٹ اکائونٹ کھولنے کا انتخاب کر رہے ہیں۔ یہ ڈیٹا بی پی ایف آئی نے اے آئی بی، بنک آف آئرلینڈ پرمانینٹ ٹی ایس بی ون منی پوسٹ، سی یو ایس او پی اور پائس کی معلومات سے جمع کیا ہے۔